شاپنگ مال آتشزدگی،ماہرین کے شواہد جمع کرنے تک مال سیل رہےگا، پولیس
ایس ایس پی ایسٹ انویسٹی گیشن سعود مگسی نے کہا ہےکہ راشد منہاس روڈ پر واقع آگ سے متاثرہ شاپنگ مال میں ماہرین کے آنے اور شواہد جمع کرنے تک مال سیل رہے گا۔
تفتیشی ٹیم کے رکن ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ سعود مگسی نے راشد منہاس روڈ پر شاپنگ مال کا دورہ کیا جہاں میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں ایس ایس پی نے بتایا کہ شاپنگ مال کے بلڈر سے نقشہ طلب کیا ہے۔
نقشے میں دیکھیں گےکہ ہنگامی اخراج یا حفاظتی انتظامات تھے یانہیں، تفتیش کے لیے کمیٹی میں ایک انجینئر کو بھی شامل کیا ہے، کچھ شواہد ملے ہیں لیکن ابھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔
تمام متعلقہ اداروں خط لکھ دیا گیا ہے، انجینئرز اور ماہرین کے ساتھ دورہ کریں گے، جو ذمے دار ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی، مقدمے کے اندراج میں کوئی جلد بازی نہیں ہوئی۔
مقدمے میں صرف انفارمیشن دی گئی ہے، کوشش کریں گے شفاف تحقیقات کریں تاکہ حقائق واضح ہوں جب کہ ماہرین کے یہاں آنے اور شواہد جمع کرنے تک مال سیل رہے گا۔