حماس کا صیہونی حکومت پر معاہدےکی طے شدہ شرائط کی خلاف ورزی کا الزام

0 199

حماس نے صیہونی حکومت پر معاہدےکی طے شدہ شرائط کی خلاف ورزی کا الزام عائدکیا ہے۔

حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے مشیر طاہر النونو نے ایک بیان میں کہا ہےکہ صیہونی حکومت نے معاہدے کی بہت سی خلاف ورزیاں کی ہیں، صیہونی حکومت نےامدادی ٹرکوں کے غزہ میں داخلےکی شرائط پرعمل نہیں کیا، صیہونی حکومت نے قیدیوں کی رہائی کے لیے طے شدہ معیار پر بھی عمل نہیں کیا۔

طاہر النونو کے مطابق صیہونی فوج نے غزہ میں ایک سے زائد مقامات پر فائرنگ کی، قابض صیہونی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد شہید ہوگئے۔

حماس رہنما کا کہنا تھا کہ ہم اب بھی معاہدے کی شرائط پر نظر رکھے ہوئے ہیں، صیہونی حکومت اور اقوام متحدہ کوپیغام دے رہے ہیں کہ کوئی بھی عذر ناقابل قبول ہے، ہم ثالث کےکردار کے لیے تیار ہیں، نئے معاہدوں تک پہنچنےکے لیے سنجیدگی سے راہیں تلاش کرنےکے لیے بھی تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ غزہ پر دوبارہ قبضہ کرنے سے متعلق قابضین کی بات دھوکا ہے، غزہ میں حماس موجود ہے اور اس کی جڑیں فلسطینی عوام میں ہیں۔

دوسری جانب عرب میڈیا کا کہنا ہےکہ طبی اور غذائی امداد کے 50 ٹرک اور ایمبولینس گھنٹوں سے انتظار میں ہیں، صیہونی فوج غزہ میں داخلے کی اجازت نہیں دے رہی۔

خیال رہےکہ غزہ میں 4 روزہ عارضی جنگ بندی کا آج دوسرا روز ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق خان یونس میں ایندھن اور گیس ملنےکے منتظر فلسطینیوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں، خالی بوتلیں اور گیس سلنڈر اٹھائے فلسطینی گھنٹوں سے انتظار میں بیٹھے ہیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.