سرینگر اور بارہمولہ میں بھارتی ایجنسی ’این آئی اے‘ کے چھاپے
کشمیر بھر مودی حکومت کی ہدایات پر گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے جسکے تحت ہزاروں کشمیری نوجوان بھارت کے مختلف جیلوں میں قید ہیں۔
قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے دہشتگردی فنڈنگ کے ایک معاملے میں کشمیر میں متعدد مقامات پر چھاپے مار کاروائیاں انجام دیں۔ خبر رساں ایجنسی کے این او نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یہ چھاپے بارہمولہ اور سرینگر اضلاع میں مارے جا رہے ہیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ اس وقت جن جگہوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں ان میں اولڈ ٹاؤن بارہمولہ کے ظہور احمد ملہ ولد بشیر احمد ملہ جو اس وقت ادھم پور جیل میں بند ہیں، معراج دین بھٹ ولد غلام محمد بٹ ساکنہ خواجہ باغ بارہمولہ اور فیروز احمد شیخ، خالد شیخ، ولد غلام احمد شیخ کی رہائش گاہیں اور ہوٹل ہلٹن پہلگام کے مالکان کی رہائش گاہیں شامل ہیں۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ چھاپوں کے اختتام کے بعد مزید تفصیلات میڈیا کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ 5 اگست 2019ء کے بعد سے کشمیر بھر مودی حکومت کی ہدایات پر گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت ہزاروں کشمیری نوجوان بھارت کے مختلف جیلوں میں قید ہیں۔