صیہونیوں کے غزہ پر وحشیانہ حملے ، شہید فلسطینیوں کی تعداد 14 ہزار سے تجاوز
صیہونیوں کی رات بھر غزہ کے مختلف علاقوں پر بمباری جاری رہی، خان یونس میں اپارٹمنٹ پربمباری سے مزید 10 فلسطینی شہید اور 22 زخمی ہوگئے جبکہ نصائرات کیمپ میں گھر پر حملے میں بھی مزید 17 افراد شہید ہوئے۔
7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں صیہونیوں کے حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 14 ہزار 128 سے زائد ہو چکی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد بھی 33 ہزارسے تجاوز کر چکی ہے۔
عالمی ادارۂ صحت کے مطابق غزہ کے اسپتالوں سے قاہرہ لائے گئے 28 فلسطینی نومولود بچوں کی حالت خطرے سے باہر نہیں ہے ۔جبکہ کئی بچوں کے والدین اور پورے گھرانے شہید ہوچکے ہیں۔ غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں میں اب تک 5 ہزار سے زائد بچے بھی شہید ہو چکے ہیں۔
ادھر صیہونیوں کے وحشیانہ حملوں میں ایک اور فلسطینی صحافی نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جام شہادت نوش کر لیا ہے، شہید خاتون صحافی آیات الخدورا نے شہادت سے پہلے دنیا کو اپنا آخری پیغام دیا اور بیت لاحیہ پر فاسفورس بموں اور خود سمیت لوگوں پر بیتنے والے مشکل لمحات کی خبر دی تھی۔