پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی میں خفیہ گٹھ جوڑ تھی، فاروق ستار
ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستارنے نیو کراچی سیکٹر ای فائیو میں الیکشن آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کا خفیہ گٹھ جوڑ تھی، ایک دن بھی پی ٹی آئی کا وزیر اعظم کراچی میں نہیں رُکا۔
مضبوط ضلعی حکومتیں، مضبوط بلدیاتی ادارے، مضبوط کراچی، مضبوط پاکستان کی ضمانت ہیں۔ کراچی کو پھلنے پھولنے دیا جائے گا تو پاکستان بچے گا۔
آئینی اصلاحات کے پیکیج پر بات کرنی ہے۔ پیپلز پارٹی کے 15 برس میں نہ اضافی پانی ملا نہ کوئی کام ہوا۔ کراچی کو اپنے ساتھ رکھو گے تو معیشت اور جمہوریت مستحکم رہے گی۔ کراچی کو اپنے ساتھ نہیں رکھو گے تو ملک ترقی نہیں کر سکتا۔
مقامی خودمختاری ہی کے ذریعے شہر کے مسائل حل ہوں گے۔ آج مقامی خودمختاری دے دو ورنہ کل وہ حالات ہوں گے کہ تم صوبہ خود طشتری میں لاکر دوگے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ وڈیروں اور جاگیرداروں کے استحصالی ہتھکنڈوں سے بچنے کی ضرورت ہے۔ بہت جلد آپ سب سے ایک بڑے جلسے میں ملاقات ہوگی،جب کوئی بڑی جماعت ایم کیو ایم کے مرکز آتی ہے تو ان کو تکلیف ہوتی ہے۔ عوام کو مضبوط مرکز مضبوط معیشت کے کھوکھلے نعروں کے پیچھے لگا کر رکھا ہوا ہے۔
کراچی کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کرنے والوں کے حساب کا وقت آچکا ہے۔ ہم نے وفاق کی بڑی جماعتوں سے کہہ دیا ہے کہ نا انصافی اور ظلم کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے۔