سینیٹ میں بی جےپی رہنماکےتوہین آمیزبیان کیخلاف متفقہ مذمتی قراردادمنظور

بھارتی مصنوعات کامکمل بائیکاٹ کیاجائے،قرارداد کا متن

0 164

سینیٹ اجلاس میں بھارتی حکمران جماعت جےپی رہنما کے توہین آمیز بیان کیخلاف متفقہ مذمتی قرارداد منظور کرلی گئی۔

رہنما پیپلزپارٹی سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان بھارت کیخلاف اقوام متحدہ میں احتجاج کرے اور معاملے پر اوآئی سی کاہنگامی اجلاس طلب کیا جائے۔

قراردادکے متن کے مطابق بھارتی مصنوعات کامکمل بائیکاٹ کیاجائے جبکہ حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسلاموفوبیا کیخلاف عملی اقدامات کرے۔

اس سے قبل حکومت پاکستان نے بی جے پی کے دو سینئر رہنماؤں کی جانب سے نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخانہ بیانات پربھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا۔

وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان عالمی برادری بشمول اقوام متحدہ اور او آئی سی سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارت میں خطرناک حد تک بڑھتے ہوئے ہندوتوا اور اسلامو فوبیا کا نوٹس لیں اور انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے بھارتی حکام پر دباؤ ڈالیں۔

پاکستان کی جانب سے بی جے پی رہنماؤں کے توہین آمیزریمارکس شدید مذمت کی گئی اور بھارتی ناظم الامور کو بتایا گیا کہ یہ ریمارکس مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں اور اس سے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔

بھارتی سفارت کار کو مزید بتایا گیا کہ پاکستان بی جے پی حکومت کی جانب سے مذکورہ عہدیداروں کے خلاف اٹھائے گئے ناکافی اقدامات پر افسوس کا اظہار کرتا ہے جس سے مسلمانوں کے درد کو کم نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان کو ہندوستان میں مسلمانوں کے خلاف فرقہ وارانہ تشدد اور نفرت میں خطرناک حد تک اضافے پر گہری تشویش ہے۔

پاکستان بی جے پی کی قیادت اور بھارتی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ان توہین آمیزریمارکس کی مذمت اوران رہنماؤں کے خلاف کارروائی کریں۔

بھارت اپنی اقلیتوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کرے، ان کی سلامتی اور بہبود کو یقینی بنائے اور انہیں امن کے ساتھ اپنے عقائد پر عمل کی اجازت دی جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.