پچھلا ہفتہ 3 ماہ کا مہنگا ترین ہفتہ رہا تیل قیمتیں مزید بڑھنے کے بعد مہنگائی کی شرح تیز ہونے کا خدشہ

وفاقی حکومت کی جانب سے 27مئی کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث 2جون کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوا۔

0 435

وفاقی ادارہ شماریات کےمطابق پچھلے ہفتے سے قبل، مہنگائی کی شرح میں 2فیصد جب کہ پچھلے سال کے مقابلے میں 20.04فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مہنگائی کی موجودہ شرح 25فروری 2021کے بعد سب سے زیادہ مہنگائی ریکارڈ کی گئی۔

معاشی ماہرین کے مطابق 3جون سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کے بعد خدشہ ہے کہ رواں ہفتہ مہنگائی کی شرح مزید بڑھ جائے گی۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادو شمار کے مطابق 2جون کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران اس سے پچھلے ہفتے 26مئی کوختم ہونے والے ہفتے کے مقابلے میں 51 بنیادی اشیائےصرف میں سے 28اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جب کہ 5اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی اور18اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

گزشتہ ہفتے آلو،انڈے،گھی،خوردنی تیل، ڈبل روٹی،چینی،مسور اور ماش کی دال،کیلا،پٹرولیم مصنوعات،صابن کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا جب کہ چکن،لہسن،آٹا،ٹماٹر اور ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ ہفتے کا پچھلے سال 3جون 2022کے ہفتے سے موازنہ کیا جائے تو گزشتہ ہفتے سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 20.04فیصد زائد رہی جس میں سب سے زیادہ اضافہ ٹماٹر،پیاز،سرسوں کا تیل،گھی،تیل،لہسن،مسور دال،پٹرول،ڈیزل۔ایل پی جی،اور صابن کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے جب کہ مرچ پاوڈر،مونگ کی دال،چینی،کیلا،آلو،گڑ اور الیکٹرک چارجر کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 27مئی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں اس سے پچھلے ہفتے کے مقابلے میں 0.26فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تاہم سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 16.97فیصد زائد ریکارڈ کی گئی تھی۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے 2جون کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح بڑھ گئی ہے۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ3جون سے تیل کی قیمتوں میں مزید اضافے سے آئندہ دنوں مہنگائی بڑھنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ وفاقی ادارہ شماریات ملک بھر کے 17شہروں کی 50مارکیٹوں میں 51بنیادی اشیائے ضرورت کی قیمتوں کو جمع کرکے اس کے مطابق مہنگائی کے حوالے سے نتائج اخذ کرتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.