پاکستانی وفد کا دورہ اسرائیل آئین پاکستان اور فلسطینیوں کے خون سے غداری ہے، سراج الحق
جماعت اسلامی کے امیر نے کہا کہ حکمران جان لیں عوام اب قربانی کا بکرا بننے کو تیار نہیں، قوم کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے، وقت آگیا ہے کہ ملک کی حکمران اشرافیہ اب خود تھوڑی بہت قربانی دے اور اپنی مراعات کم کرے۔ حکمرانوں کے محلات میں چار چار سرکاری گاڑیاں کھڑی ہیں، پروٹوکول اور وی آئی پی اخراجات پر سالانہ 42 ارب روپے خرچ ہوتے ہیں، ان شاہانہ اخراجات کو ختم کیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت 10 جون کو سود فری بجٹ دے اور مہنگائی کم کرے، اگر ایسا نہ ہوا تو 11 جون سے لاہور میں عوامی مارچ کرکے حکومت مخالف تحریک کا آغاز کریں گے۔ مختلف حکومتوں نے آئی ایم ایف سے 22 پروگرام لیے، بتایا جائے ان سے کیا بہتری آئی؟ مالیاتی اداروں کی ڈکٹیشن پر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھا کر ہر وزیرخزانہ کہتا ہے عوام قربانی دیں۔ حکمران جان لیں عوام اب قربانی کا بکرا بننے کو تیار نہیں، قوم کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے، وقت آگیا ہے کہ ملک کی حکمران اشرافیہ اب خود تھوڑی بہت قربانی دے اور اپنی مراعات کم کرے۔ حکمرانوں کے محلات میں چار چار سرکاری گاڑیاں کھڑی ہیں، پروٹوکول اور وی آئی پی اخراجات پر سالانہ 42 ارب روپے خرچ ہوتے ہیں، ان شاہانہ اخراجات کو ختم کیا جائے۔ پی ٹی آئی کی رخصتی کے بعد بننے والی حکومت نے بھی دوماہ گزرنے کے باوجود عوام کو رتی برابر ریلیف نہیں دیا۔ سیاستدانوں کا مسئلہ نیب تھا وہ حل ہوگیا، غریبوں کی پہلے کسی کو پرواہ تھی نہ اب ہے۔ تینوں بڑی جماعتیں سٹیٹس کو کی محافظ ہیں، قوم انھیں مسترد کرے۔
سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی چولستان، جنوبی پنجاب، بلوچستان سمیت ملک کے ہر خطہ میں عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کررہی ہے اور یہ جدوجہد جاری رہے گی تاوقتیکہ کہ محروم طبقات کو ان کے حقوق نہ مل جائیں۔ ملک میں وسائل کی کمی نہیں، مسئلہ فرسودہ نظام اور اس کے محافظ ہیں جو خود تو دہائیوں سے وسائل پر قابض اپنی نسلوں کے لیے مال اور جائیدادیں بنا رہے ہیں مگر عوام کو تعلیم، صحت اور پینے کے صاف پانی تک جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم کررکھا ہے۔ ملک کے طول و عرض میں پندرہ پندرہ گھنٹے لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، دو روز قبل کوکنگ آئل کی قیمت میں ڈھائی سو روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا، پٹرول کی قیمت 30 روپے فی لٹر بڑھا دی گئی، ظالم حکمرانوں نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا۔
امیر جماعت نے پاکستانی وفد کے دورہ اسرائیل پر کڑی تنقید کی اور اسے آئین پاکستان اور فلسطینیوں کے خون سے غداری قرار دیا۔ انھوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل کی ناجائز ریاست کو تسلیم کرنے یا اس کے لیے راہ ہموار کرنے کی کوششیں ہوئیں تو قوم کا ہاتھ حکمرانوں کے گریبان میں ہوگا۔ پی ٹی آئی چیئرمین کے بیان سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر بنا ہے اور قیامت کی صبح تک قائم رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ملک کو وہ نظام دیا جائے جس کی خاطر اسلامیان برصغیر نے قربانیاں دے کر الگ خطہ حاصل کیا تھا۔