ڈی آئی خان، علامہ رمضان توقیر کی زیرقیادت احتجاج اختتام پذیر
پاک نیوز۔ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پروآ میں شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب علامہ محمد رمضان توقیر کی قیادت میں اہل تشیع کی جاری ٹارگٹ کلنگ اور قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ شیعہ علماء کونسل کے زیر اہتمام ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں شہداء کے ورثاء اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد رمضان توقیر کا کہنا تھا کہ اہل تشیع اس ملک کے پرامن اور وفادار شہری ہیں، مگر ملک کے گلی کوچوں میں تسلسل کے ساتھ اہل تشیع کا خون بہایا جا رہا ہے جبکہ قاتل ہمیشہ نامعلوم رہتے ہیں اور گرفتار نہیں کئے جاتے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، جب پروآ میں بھٹیسر اڈے پہ موجود تین مومنین کو دن دیہاڑے بیدردی سے قتل کر دیا گیا، مگر تاحال ان کے قاتل گرفتار نہیں ہوئے جبکہ ہمیں یقین دہانی کرائی گئی تھی۔
اس موقع پہ مظاہرین نے انڈس ہائی وے کو ہر قسم کی ٹریفک اور آمد و رفت کیلئے بند کر دیا۔ جس کی وجہ سے ہائی وے کے دونوں جانب ٹریفک کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ نماز ظہر مظاہرین نے سڑک پر ہی علامہ محمد رمضان توقیر کی اقتدا میں ادا کی۔ بعد از ظہرین پولیس اور انتظامیہ کے ذمہ داران کے ساتھ علامہ رمضان توقیر کی قیادت میں خانوادہ شہداء پر مشتمل کمیٹی کے درمیان جاری مذاکرات کامیابی سے اختتام پذیر ہوئے۔ بعد ازاں شہداء کے ورثاء پہ مشتمل کمیٹی نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا۔