فلسطینی بھائیوں کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے، آرمی چیف

0 47

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے ۔

کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے ربیع الاول کے مقدس مہینے کے دوران مستونگ، ہنگو اور ژوب میں شہید ہونے والے اہل کاروں کے ایصال و ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیرصدارت جی ایچ کیو میں 260ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر سے ریاست پوری طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔

فورم کو خطے کی صورتِ حال اور قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں اپنی حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ فورم نے ہر قسم کے بالواسطہ اور بلاواسطہ خطرات کے خلاف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔

کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے معیشت کی بحالی کے لیے کیے گئے اقدامات کو،پاکستانی عوام کی مجموعی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔

آرمی چیف نے تمام غیر قانونی تارکین وطن کی باعزت اور محفوظ وطن واپسی اور ڈیپورٹیشن کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے اور فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر بھی زور دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.