عمران خان کو گرفتار کرنے والے کا پاکستان میں رہنا مشکل ہوگا، فواد

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جس نے بھی عمران خان کو گرفتار کیا اس کا پاکستان میں رہنا مشکل ہو جائے گا۔

0 136

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ سے استدعا تھی کہ الیکشن کمیشن کا نئی حلقہ بندیوں کی شیڈول آئین کے منافی ہے، نئی حلقہ بندیاں صرف نئی مردم شماری کے بعد ہو سکتی ہیں، الیکشن کمیشن مردم شماری کے بغیر حلقہ بندیاں نہیں کر سکتا، اگر الیکشن کمیشن کی نئی حلقہ بندیوں کو مانا جائے تو ایک سال تک الیکشن نہیں ہو سکیں گے۔

سابق وزیر نے کہا کہ الیکشن نا کرانا الیکشن کمشنر کی صریحاً بدنیتی ہے, الیکشن کمیشن ہر وقت الیکشن کے لیے تیار ہوتا ہے، الیکشن کمیشن کا یہ موقف کہ انتخابات نہیں ہو سکتے ان کے استعفوں کے لیے کافی ہے،سابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے صحیح کہا تھا قانون اگر گدھا ہے تو جج کو تو نہیں ہونا چاہیے۔

تحریک انصاف کے سابق وزرا کی جانب سے سرکاری گاڑیاں اور گھر چھوڑنے سے انکار کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ سرکاری گاڑیاں اور گھر چوروں کے حوالے نہیں کرنا چاہتے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ایک ماہ کے دوران شہباز شریف بیرون ملک 4 دورے کر آئے، پٹرول کی قیمت کے لیے آرمی چیف کو کہنا قابلِ شرم ہے، پاکستان تحریک انصاف ملکی معیشت مستحکم چھوڑ کر گئی تھی، معیشیت کی تباہی سیاسی بحران کی وجہ سے ہوئی، پاکستان کو خطرناک معاشی بحران میں دھکیلا جا رہا ہے، پاکستان کو دانستہ طور پر دیوالیہ کیا جا رہا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ایک ہی تجربہ بار بار کرنا احمقانہ ہے، بہت تجربہ ہو چکے، ہمیں 90 دن سے ایک بھی دن اوپر عبوری حکومت منظور نہیں، شہباز شریف کی حکومت کو گھر بھیج کر انتخابات کرائے جائیں۔

عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں پی ٹی آئی کی حکمت عملی سے متعلق سوال پر فواد چوہدری نے کہا کہ رانا ثنااللہ پاگل ہی ہو گا اگر عمران خان کو گرفتار کرے، عمران خان کو گرفتار کرنے والا اپنا پاسپورٹ کمبوڈیا کا بنوا لے، جس نے بھی عمران خان کو گرفتار کیا اس کا پاکستان میں رہنا مشکل ہو جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.