میانوالی میں ہلاک دہشتگردوں میں امیر ٹی ٹی پی لکی مروت کا بھائی بھی شامل

0 124

سی ٹی ٹی کے مطابق زبیر نواز کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی کے ٹیپو گروپ سے تھا جو لکی مروت کے ٹی ٹی پی امیر ارشد نواز کا بھائی تھا، زبیر نواز پنجاب میں فرقہ وارانہ قتل، بھتہ خوری اور سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔

دوسرے ہلاک دہشتگرد کی شناخت محمد خان کے نام سے ہوئی ہے، محمد خان کا تعلق بھی کالعدم ٹی ٹی پی کے ٹیپو گروپ سے تھا، دونوں دہشتگردوں کی شناخت انٹیلی جنس ایجنسیوں اور جدید سافٹ وئیرز کی مدد سے ہوئی۔

یاد رہے کہ رات گئے 10 سے 12 دہشتگردوں نے میانوالی میں کنڈل کے مقام پر پیٹرولنگ چیک پوسٹ پر دو اطراف سے حملہ کیا تھا جسے پولیس کے بہادر جوانوں نے ناکام بنا دیا تھا۔

آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق پولیس اہلکاروں نے بھرپور جوابی کارروائی میں دو دہشتگردوں کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا جبکہ ایک جوان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بھی میانوالی میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنانے والے پولیس اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.