آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ وارم اپ میچ ، پاکستان کو نیوزی لینڈ سے شکست
آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا ، نیوزی لینڈ نے 346 رنز کا ہدف 44 ویں اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
ریچن روندرا ، کین ولیمسن ، ڈیرل مچل اور مارک چیپمین نے نصف سنچریاں سکور کیں ، پاکستان کی طرف سے محمد رضوان نے 103 ، بابر اعظم نے 80 اور سعود شکیل نے 75 رنز بنائے ، پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا وارم اپ میچ 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی ،
وارم اپ میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 345 رنز بنائے ، محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 103 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے ،
بابر اعظم نے 80 اور سعود شکیل نے 75 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ، عبداللہ شفیق 14 ، امام الحق ایک اور شاداب خان 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ آغا سلمان 33 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے مچل سینٹنر نے دو جبکہ میٹ ہینری، جیمز نیشم، لوکی فرگوسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ، جواب میں نیوزی لینڈ نے مطلوبہ ہدف 43.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔
ریچن روندرا نے 87 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ، دیگر بیٹرز میں مارک چیپمین 65 ( ناٹ آؤٹ) ، ڈیرل مچل 59 ، کین ولیمسن 54 اور جیمز نیشم 33 رنز بنا کر نمایاں رہے ، پاکستان کی طرف سے اسامہ میر نے دو جبکہ حسن علی ، آغا سلمان اور محمد وسیم نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی ۔