پاکستان میں موبائل فونز کی پیداوار بحال
درآمدات کی اجازت ملنے کے بعد پاکستان میں موبائل فون مینوفیکچرنگ یونٹس نے اپنی پیداوار دوبارہ شروع کر دی ، جو ملک کی 90 فیصد طلب پورا کر رہے ہیں۔
پاکستان ادارہ شماریات کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ جولائی تا اگست 24-2023 کے دوران موبائل فون کی درآمدات سال بہ سال 77 فیصد بڑھ کر 17 کروڑ 94 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔
تقریباً تمام 30 موبائل یونٹس بشمول تین غیر ملکی برانڈز نے اپنے آپریشنز دوبارہ شروع کردیے ہیں اور 20 لاکھ سے زائد موبائل بنائے جائیں گے۔
حکومت نے ڈالر کی کمی کی وجہ سے ایل سی کھولنے پر پابندی لگا دی تھی اور تقریباً تمام مینوفیکچرنگ یونٹس مارچ کے آخر تک بند ہو چکے تھے۔
ایسوسی ایشن کے اراکین کا کہنا تھا کہ اس وقت تقریباً 70 لاکھ ڈالر مالیت کے جدید موبائل فون درآمد کیے جا رہے ہیں، لیکن یہ مارکیٹ کی طلب کا 10 فیصد بھی نہیں ہے۔