ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ،پاکستان اور سری لنکا کا میچ 14 ستمبر کوہوگا
ایشین کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے 16 ویں ایڈیشن میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کی میزبانی پاکستان اور سری لنکا کر رہے ہیں۔
ٹورنامنٹ کے سپر فور رائونڈ کا پانچواں میچ ایشیا کپ کے دونوں میزبان ممالک پاکستان اور دفاعی چیمپئن سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان 14 ستمبر کو آر پریما داسا سٹیڈیم ، کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن 2 بج کر 30 منٹ پر شروع ہو گا۔ پاکستان کی ٹیم سپر فور رائونڈ میں دو میچز کھیل چکی ہے جس میں اس کو ایک میں فتح جبکہ ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑ ا ۔
بھارتی اننگز کے دوران پاکستان ٹیم کے فاسٹ بائولر حارث رؤف اور نسیم شاہ انجری کے باعث گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے یہی وجہ تھی کہ وہ پاکستان کی اننگز میں بیٹنگ کرنے بھی نہیں آسکے تھے۔
پاکستان کا سپر فور مرحلے میں آئندہ میچ 14 ستمبر کو دفاعی چیمپئن سری لنکا سے کولمبو میں ہوگا۔سری لنکا کی ٹیم کو داسن شاناکا لیڈ کر رہے ہیں جبکہ پاکستان ٹیم مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔
ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 17 ستمبر کو آر پریما داسا انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم ، کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا سپر فور مرحلہ 15 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگا جبکہ دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 17 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔