فرقہ پرستی کا رجحان سب سے بڑا خطرہ ہے، ڈاکٹر فاروق عبداللہ
نیشنل کانفرنس کے صدر نے کہا کہ آئین میں ہر ایک مذہب، طبقے اور علاقے کے لوگوں کو برابری کی بنیاد پر زندگی بسر کرنے کا حق حاصل ہے۔
اسلام عدل و انصاف اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور اسلام نے ہی دنیا میں صالح نظام کی بنیاد ڈالی۔ عالم اسلام کو اس وقت زبردست چیلنجوں کا سامنا ہے اور ان چیلنجوں کا مقابلہ صرف اور صرف اتحاد سے ہی کیا جاسکتا ہے۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آسام سے واپسی پر پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی کی رہائشگاہ واقع راج باغ میں اُن کی والدہ کے انتقال پر تعزیت پرسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ’’موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ ہم سب متحد ہوکر اُن سازشوں اور مذموم منصوبوں کو ناکام بنائیں جو ہمیں لسانی، علاقائی اور مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے کے لئے رچائے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرقہ پرستی کا موجودہ رجحان ریاست کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے اور ملک کی سالمیت کیلئے ایک چیلنج بھی۔
نیشنل کانفرنس کے صدر نے کہا کہ آئین میں ہر ایک مذہب، طبقے اور علاقے کے لوگوں کو برابری کی بنیاد پر زندگی بسر کرنے کا حق حاصل ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ بھارتی حکومت کسی کو بھی یہ حق چھیننے کی اجازت نہ دے، اس کے لئے فرقہ پرستوں کی لگام کسنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ پرستی کا رجحان ہماری ریاست میں اپنی جڑیں مضبوط کررہا ہے، اس سے پہلے کہ یہ ایک ناسور بن جائے سبھی مذاہب اور طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو ایک ہوکر بڑھتی ہوئی فرقہ پرستی پر روک لگانی چاہیئے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے آپسی بھائی چارے اور آپسی ہم آہنگی کو زبردست نقصان پہنچ رہا ہے۔