صہیونی دشمن کو مسجد اقصی کی بے حرمتی کا بھاری تاوان دینا پڑے گا، فلسطینی مزاحمتی کمیٹیاں
فلسطین میں اسلامی مزاحمتی گروہوں کے مشترکہ فورم فلسطین مزاحمتی کمیٹیوں نے آج بدھ 4 اپریل کے دن ایک بیانیہ جاری کیا جس میں فلسطینی عوام کو غاصب صہیونی رژیم کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی دعوت دی گئی ہے۔
نیوز ایجنسی کے مطابق اسلامی مزاحمتی کمیٹیاں نامی فلسطینی جہادی گروہوں کے مشترکہ فورم نے غزہ کی پٹی، مغربی کنارے اور مقبوضہ فلسطین میں مقیم فلسطینی شہریوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسجد اقصی کی حفاظت کیلئے اکٹھے ہو جائیں اور یہودی آبادکاروں کو مسجد اقصی کی بے حرمتی کا موقع نہ دیں۔ فلسطینی مزاحمتی کمیٹیوں نے اپنے بیانیے میں کہا: "غاصب صہیونی دشمن کی جانب سے مسجد اقصی میں اذان دینے پر پابندی ایک کھلی جارحیت ہے اور ایسے موقع پر عوامی انقلاب کی ضرورت ہے تاکہ عوام آتش فشان بن کر سڑکوں پر نکل آئیں اور جارح صہیونیوں کو جلا کر خاکستر بنا دیں۔” اس بیانیے میں مزید کہا گیا ہے: "مسجد اقصی پر حملہ اور اس کی بے حرمتی آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ یہ ایک خطرناک جارحیت ہے اور صہیونی دشمن کو اس کا بھاری تاوان ادا کرنا پڑے گا۔”
غاصب صہیونی عناصر کی جانب سے مسلمانوں کے قبلہ اول کی بے حرمتی پر مختلف فلسطینی مزاحمتی گروہوں نے اپنے طور پر بھی بیانیے جاری کئے ہیں۔ فتح تحریک نے اپنے بیانیے میں کہا: "مسجد اقصی کے احاطے میں اسرائیلی پرچم لہرانا اور ناچ گانا انجام دینا انتہائی اشتعال آمیز اقدام ہے اور ہم قابض صہیونیوں کو مذہبی جنگ شروع کرنے کی کوشش کرنے کا ذمہ دار جانتے ہیں۔” اسی طرح اسلامک جہاد نے بھی اپنے بیانیے میں مسجد اقصی کے محافظین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یہودی آبادکاروں کا مقابلہ کریں جو مسجد اقصی کو وقت اور جگہ کے لحاظ سے تقسیم کرنے کے درپے ہیں۔ اسلامک جہاد کے بیانیے میں آیا ہے: "ہم صہیونیوں کی جانب سے مسجد اقصی پر ہجوم کی صورت میں یلغار کرنے کے خطرناک نتائج پر خبردار کرتے ہیں اور انہیں موجودہ کشیدہ صورتحال کا ذمہ دار سمجھتے ہیں۔”
فلسطین میں اسلامی مزاحمت کی تنظیم حماس نے بھی اس بارے میں ایک بیانیہ جاری کیا ہے جس میں جمعرات کے روز صہیونی عناصر کی جانب سے مسجد اقصی کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے: "صہیونیوں کی جانب سے مسجد اقصی پر حملہ اور جارحیت آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے جو خطے کو انتہائی خطرناک صورتحال کی جانب دھکیل سکتی ہے اور اس کی تمام تر ذمہ داری صہیونی حکمرانوں پر ہو گی۔” حماس نے اپنے بیانیے میں مزید کہا: "ہم اپنے شجاع عوام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مسجد اقصی میں حاضر ہوں اور اپنے تشخص، دین اور قبلہ اول کا بھرپور دفاع کریں۔ قابض قوتیں جان لیں کہ مسجد اقصی کو تقسیم کرنے کی سازش ناکامی کا شکار ہو گی۔” حماس کے ترجمان عبداللطیف قانوع نے بھی اس بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی پولیس کی جانب سے یہودی آبادکاروں کو مسجد اقصی کی بے حرمتی کی اجازت دینا بہت بڑا جرم ہے جس کا اسے تاوان دینا پڑے گا۔