قومی ائیرلائن کا حج پروازوں کا آغاز ہوگیا، حج آپریشن کی پہلی پرواز 442 عازمین حج کو لیکر اسلام آباد سے مدینہ کے لیے روانہ ہوگئی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق حج پروازوں کا آغاز ہوگیا ہے،صبح 4 بج کر45 منٹ پر حج آپریشن کی پہلی پرواز پی کے 713 سے 442 عازمین حج اسلام آباد سے مدینہ کے لیے روانہ ہوئے۔
عازمین کو وفاقی وزیرمذہبی امور سردار یوسف، پاکستان میں سعودی سفیر نواف المالکی اور قومی ائیرلائن کے سی ای او ائیر وائس مارشل عامر حیات نے رخصت کیا۔
اب کوئٹہ سے پہلی حج پرواز پی کے 7201 آج صبح 10 بجے 170 عازمین کو لے کر روانہ ہوگی جبکہ لاہور سے پہلی حج پرواز پی کے 747 آج رات 10 بجے 323 مسافروں کو لے کر مدینہ روانہ ہوگی۔
قومی ائیرلائن تقریباً 35 ہزار 200 سرکاری عازمین حج کو 117 سے زائد خصوصی پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچائے گی۔
پہلے مرحلے میں حجاج کرام کی خصوصی پروازیں پاکستان سے مدینہ کے لیے روانہ ہوگی جبکہ دوسرے مرحلے میں جدہ جائیں گی اور اسلام آباد اور کراچی ائیرپورٹ پر سعودی حکومت کی اشتراک سے روڈ ٹو مکہ کی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی جس سے حجاج سعودی امیگریشن پاکستان سے کروا کے جائیں گے۔
یاد رہے کہ قومی ائیرلائن کا قبل از حج آپریشن 31 مئی تک جاری رہے گا اور بعد از حج آپریشن 10 جون سے 10 جولائی تک ہوگا۔