وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کینال منصوبے سے متعلق معاملہ اب حل ہوگیا ہے ، جب تک اتفاق رائے نہیں ہوتا کوئی نہر نہیں بنائی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) نے دریائے سندھ سے نئی نہریں نکالنے کا منصوبہ مسترد کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کا اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ سمیت وفاقی وزرا اسحاق ڈار، خواجہ آصف اور امیر مقام شریک ہوئے۔کونسل کے اجلاس میں 25 افراد نے خصوصی دعوت پر شرکت کی۔
مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں 6 نکاتی ایجنڈے پرغورکیاگیا۔کونسل نئی نہریں نکالنے کے منصوبے پر حکومت سندھ کے ایجنڈا آئٹم پر غور کیا۔
مشترکہ مفادات کونسل نے دریائے سندھ سے نئی نہریں نکالنےکا منصوبہ مسترد کردیا۔کونسل نے کینالز سے متعلق ایکنک کا 7 فروری کا فیصلہ مسترد کیا، معاملہ دوبارہ ارسا کو بھجوایا جائےگا۔
اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کینال منصوبے سے متعلق معاملہ اب حل ہوگیا ہے ، جب تک اتفاق رائے نہیں ہوتا کوئی نہر نہیں بنائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ نفرتیں پھیلانے والے ناکام ہوچکے، بہت پروپیگنڈا کیا گیا، صدر مملکت آصف زرداری کو بھی بدنام کرنے کی کوشش کی گئی۔
مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے بعد گفتگو میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ کہ مسائل کو مفاہمت سے حل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، نہروں کی تعمیر کے مسئلے پر ٹیکنیکل کمیٹی بنا کر آگے کا لائحہ عمل بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ نظر ثانی اور تمباکو کو بطور فصل منظور کرانے کا ایجنڈ اگلے اجلاس میں شامل کیا جائے گا۔