امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقبوضہ جموں کشمیر کے سیاحتی مقام پر حملے میں جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کو مکمل حمایت کی یقین دہائی کرائی ہے۔
منگل کو مقبوضہ جموں کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 28 سیاح ہلاک 12 زخمی ہوگئے۔
بھارتی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں2 غیر ملکی سیاح اور بھارتی بحریہ کا افسر بھی شامل ہے،غیر ملکیوں کا تعلق اٹلی اور اسرائیل سے ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو فون کیا۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بتایا کہ صدر ٹرمپ نے دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کی جرم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے بھارت کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی۔
اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے مقبوضہ جموں کشمیر کے علاقے پہلگام میں فائرنگ واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر سے آنے والی خبر پر سخت صدمے میں ہوں۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف امریکا بھارت کے ساتھ کھڑا ہے، جان سے جانے والوں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعائیں ہیں، ہماری مکمل حمایت اور ہمدردی وزیراعظم مودی اور بھارتی عوام کے ساتھ ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حملے کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔