کے ایل راہول نے آئی پی ایل میں ڈیوڈ وارنر کا اہم ریکارڈ توڑ دیا

0 8

بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر اور انڈین پریمیئر لیگ( آئی پی ایل) میں دہلی کیپیٹلز کی نمائندگی کرنے والے کے ایل راہول نے ڈیوڈ وارنر کا اہم ریکارڈ توڑ دیا۔

منگل کو آئی پی ایل 2025کے 40 ویں میچ میں لکھنؤ سپر جائنٹس اور دہلی کیپیٹلز کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔

دہلی کیپیٹلز نے لکھنؤ سپر جائنٹس کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر 12پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کی۔

160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دہلی کیپیٹلز کی جانب سے کے ایل راہول 57 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

اس میچ میں دائیں ہاتھ کے بیٹر کے ایل راہول نے انڈین پریمیئر لیگ کی تاریخ کے تیز ترین 5 ہزار رنز بنانے والے بیٹر کا اعزاز حاصل کیا۔

33 سالہ کے ایل راہول نے آئی پی ایل میں 5 ہزار رنز کا یہ سنگِ میل اپنی 130ویں اننگز میں عبور کیا۔

یوں انہوں نے آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ وارنر کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے 2020 میں آئی پی ایل میں اپنی 135ویں اننگز میں 5 ہزار رنز مکمل کیے تھے۔ وارنر نے یہ کارنامہ سن رائزرز حیدرآباد کی جانب سے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف ابو ظہبی میں انجام دیا تھا۔

اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ویرات کوہلی ہیں جنہوں نے مارچ 2019 میں ممبئی انڈینز کے خلاف آئی پی ایل میں اپنی 157ویں اننگز میں 5 ہزار رنز مکمل کیے تھے۔

راہول آئی پی ایل میں 5 ہزار رنز بنانے والے آٹھویں کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔

ان سے پہلے یہ اعزاز ویرات کوہلی، روہت شرما، شیکھر دھون، ڈیوڈ وارنر، سریش رائنا، ایم ایس دھونی اور اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس تھا۔

واضح رہے کہ کے ایل راہول آئی پی ایل 2025 میں زبردست فارم میں نظر آ رہے ہیں۔ وہ 7 میچز میں 64.60 کی اوسط اور 153.80 کے اسٹرائیک ریٹ سے 323 رنز بنا چکے ہیں، جن میں 3 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.