غزہ میں اسرائیلی فوجی گاڑی پر قریب سے حملے کی ویڈیو سامنے آگئی
غزہ: فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے اسرائیلی فوجیوں پر حملے کی نئی ویڈیو جاری کردی۔
القسام بریگیڈز کے مطابق یہ حملہ ہفتے کے روز غزہ کے شمال میں بیت حانون کے قریب شارع العودہ پر کیا گیا تھا۔
ویڈیو میں کہا گیا کہ القسام بریگیڈز کے مزاحمت کار بیت حانون کے مشرق میں العودہ اسٹریٹ پر اسرائیلی فوج پر گھات لگا کر حملہ کرنے میں کامیاب ہوئے، حملے میں ایک اسٹارم ملٹری جیپ کو نشانہ بنایا گیا۔
ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ حملے کے بعد جائے وقوعہ پر پہنچنے والی امدادی فورس کو بھی آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا گیا۔
خیال رہے کہ ہفتے کے روز اپنے بیان میں بھی القسام بریگیڈز نے اس حملے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد اسرائیلی میڈیا کی جانب سے حملے میں ایک اسرائیلی فوجی کی ہلاکت اور 5 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔