اسلام آباد: پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان مفاہمت کی مختلف یادداشتوں پر دستخط کر دیئے گئے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ یو اے ای نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی، اس موقع پر یادداشتوں پر دستخط کئے گئے، دونوں ممالک کے نائب وزرائے اعظم کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ بھی ہوا۔
اس موقع پر قومی ورثہ ثقافت ڈویژن اور وزارت ثقافت یو اے ای کے درمیان ثقافتی تعاون کی یادداشت پر دستخط کئے گئے، خارجہ وزارتوں کے درمیان قونصلر امور کیلئے مشترکہ کمیٹی کے قیام پر تعاون کی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔
اس کے علاوہ یو اے ای پاکستان مشترکہ بزنس کونسل کے قیام کیلئے تعاون کی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے، یہ معاہدہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اور یو اے ای ایوان صنعت و تجارت کے درمیان طے پایا۔
قبل ازیں یو اے ای کے نائب وزیراعظم شیخ عبداللہ بن زاید النہیان دفتر خارجہ پہنچے جہاں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مرکزی دروازے پر معزز مہمان کا استقبال کیا، دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا، اسحاق ڈار نے یو اے ای ہم منصب سے اپنے وفد کا تعارف کرایا۔