قومی ٹی 20 ٹیم کےکپتان پی ایس ایل میں کن 2 پلیئرز سے متاثر؟ ٹیم میں شمولیت کاعندیہ

0 6

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم اسلام آباد یونائٹیڈیم میں شامل پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کےکپتان سلمان علی آغا نے پاکستان سپرلیگ 10 میں حسن علی اور صاحبزادہ فرحان کی کارکردگی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے عندیہ دیا ہےکہ دونوں پلیئرز کو مستقبل میں قومی ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں سلمان علی آغا نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں ان کی کوشش اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے پرفارم کرنے اور اپنی ٹیم کو جتوانے کے ساتھ ساتھ یہ بھی ہوگی کہ وہ ان کھلاڑیوں پر نظر رکھیں جو مستقبل میں پاکستان ٹیم کے لیےکارآمد ہوسکتے ہیں۔

سلمان علی آغا نے کہا کہ جن پلیئرز کو آگے پاکستان سے کھیلنا ہے یا جن کو مجھے لیڈ کرنا ہے وہ ان کی فارم اور فٹنس پر نظر رکھیں گے۔

انہوں نے براہ راست کسی نوجوان پلیئر کا نام تو نہیں لیا لیکن حسن علی اور صاحبزادہ فرحان کی پرفارمنس کی تعریف کرتے ہوئے اس جانب اشارہ کردیا کہ ان کی نظریں ان دونوں پلیئرز کی ٹیم میں واپسی پر مرکوز ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ "ابھی تو ہر ٹیم کے دو تین میچز ہوئے ہیں، ٹورنامنٹ کا آغاز ہے، سات آٹھ میچز ہوجائیں پھر اندازہ ہوگا کہ کون سا پلیئر تسلسل سے پرفارم کررہا ہے لیکن جس طرح سے حسن علی بولنگ کر رہے ہیں اور جو فارم صاحبزادہ فرحان کی ہے تو اس پر نظر جائے گی”۔

ایک سوال پر اسلام آباد یونائٹیڈ کے پلیئر نے کہا کہ ماڈرن ڈے کرکٹ کا مطلب یہ ہےکہ آپ گیم کی رفتار اس کے مطلوبہ معیار کے مطابق رکھیں، انٹینٹ کا مطلب یہ نہیں کہ ہر گیندکو مارنا ہے، ٹیم میں یہ کلچر لانا ضروری ہے کہ کنڈیشن کے مطابق کھیلیں۔

انہوں نے کہا کہ ماڈرن ڈے کرکٹ کی اہم بات یہ ہےکہ رنز بننے کی رفتار کم نہ ہو ، ضروری ہےکہ مطلوبہ رن ریٹ کے مطابق کھیلیں۔

انہوں نے کہا کہ کبھی کبھار کوشش میں ناکامی ہو جاتی ہے جو کہ قابل قبول ہے، تاہم آغا سلمان نے اس بات پر اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان کے پاس ایسے پلیئرز ہیں جو مارڈن ڈے کرکٹ کے تقاضوں پر پورا اترتے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہرکی کہ مستقبل میں پاکستان ٹیم بہتر کرکٹ کھیلےگی۔

سلمان علی آغا نے کہا کہ "آنے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز، ایشیا کپ اور ورلڈکپ میں کوشش ہوگی کہ ایسی کرکٹ کھیلیں جیسی کہ لوگ ہمیں کھیلتا دیکھنا چاہتے ہیں”۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ نوجوان پلیئرز کم تجربے کی وجہ سے غلطی کر بیٹھتے ہیں لیکن اہم چیز ان کا اس سے سیکھنا ہے۔

سلمان علی آغا نے کہا کہ کرکٹ جس قدر بھی بیٹر فرینڈلی ہوجائے، بولرز کی اہمیت برقرار رہے گی، بیٹرز میچ جتواتے ہیں اور بولرز ٹورنامنٹ جتواتے ہیں، ہائی اسکورنگ پچ پر اگر آپ کے بولرز دس پندرہ رنز کم دیتے ہیں تو یہ آپ کے لیےکافی اہم ہوتا ہے۔

ایک سوال پر قومی آل راؤنڈر نےکہا کہ پاکستان سپر لیگ 10 میں یہی کوشش ہوگی کہ اسلام آباد کو چوتھی ٹرافی دلوائیں تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ لاہور نے جیسا مومینٹم پکڑا ہے ویسا کھیلا تو وہ اس ٹورنامنٹ میں سخت حریف ثابت ہوگی ۔

ایک سوال پر سلمان آغا جو ماضی میں لاہور قلندرز سے کھیل چکے ہیں، نے کہا کہ میرا تعلق لاہور سے ہے ، جب اسلام آباد سے میچ نہیں ہوتا تو دل چاہتاہےکہ لاہور جیتے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل 10 میں اچھا آغاز کیا، اس سے اعتماد ملتا ہے، امید ہے ٹیم اس مومینٹم کو برقرار رکھےگی۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.