غزہ پر اسرائیل کے دہشت گردانہ حملے جاری، درجنوں شہید اور زخمی، القسام بریگیڈ کی جوابی کاروائی میں کئی صیہونی فوجی ہلاک

0 6

فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کی جاری جارحیت کے دوران آج غزہ میں تیرہ فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ مغربی کنارے میں پچاس سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق آج صبح سے اس خبر کے شائع ہونے تک غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حکومت کی بمباری کے دوران تیرہ افراد شہید ہو گئے ہیں۔ غزہ کے وسط میں واقع البریج کیمپ پر بمباری کے دوران ایک شخص شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

اس کے علاوہ شمالی غزہ میں واقع بیت لاہیا کے علاقے العطاطرہ پر بمباری کے دوران چار افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ ادھر قابض فوج نے مغربی کنارے میں الفوار کیمپ پر چھاپہ مار کر پچاس سے زائد افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی ہے-

خبر رساں ذرائع نے بتایاہے کہ گذشتہ اڑتالیس گھنٹے کے دوران غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں بانوے افراد شہید اور دو سوانیس افراد زخمی ہو ئے ہیں۔

دوسری جانب حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈز نے اعلان کیا کہ اس کے مجاہدین نے جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی کیا ہے ساتھ ہی اسرائیلی فوج کے پانچ بلڈوزر تباہ کر دیے۔ اس حملے کے بعد ہلاک اور زخمی اسرائیلی فوجیوں کو ہیلی کاپٹر سے اسپتال منتقل کیا گیا ہے-

بعض خبروں کے مطابق ایک اسرائیلی فوجی کمانڈر ہلاک ہوا ہے جبکہ پانچ زخمی ہيں، زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے- القسام بریگیڈز نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کارروائیاں صیہونی حکومت کی فوج کی مسلسل جارحیت کے جواب میں اور فلسطینی عوام کے دفاع کے لیے کی گئی ہیں اور یہ مسلح مزاحمت غاصبانہ قبضے کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.