مزاحمتی فورسز نے دشمن کے منصوبوں کو خاک میں ملادیا؛ حزب اللہ لبنان کے سربراہ
حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ لبنانی مزاحمت نے بڑی قربانیاں دے کر اسرائیلی جارحیت کو روکا اور دشمن کے منصوبوں کو خاک میں ملا دیا۔
العالم ٹی وی چینل کے مطابق جمعہ کی رات کو حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے اپنے خطاب میں کہا لبنانی مزاحمت نے بڑی قربانیاں دے کر اسرائیلی جارحیت کو روکا اور دشمن کو ناکوں چنے چبوائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شدید حملوں کے باوجود مزاحمتی فورسز اسرائیلی منصوبوں کو ناکام بنانے اور اپنے وطن کا دفاع کرنے میں کامیاب رہیں۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ ان فتوحات میں شہید صفی الدین اور دیگر شہداء جیسے ساتھیوں نے اہم کردار ادا کیا۔ حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ اسرائیل توسیع پسند ہے اور وہ صرف مقبوضہ فلسطین پر قناعت نہیں کرتا بلکہ لبنان پر بھی قبضہ کرنا چاہتا ہے۔
شیخ نعیم قاسم نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ مزاحمت کمزور نہیں ہوئی، واضح کیا کہ جو بھی مزاحمت کو کمزور سمجھتا ہے وہ احمقوں کی جنت میں رہتا ہے۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ معاہدے کے تحت اب تک جنگ ختم ہونا چاہیے تھی لیکن اس کے برعکس صہیونی حکومت نے اب تک 2700 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے گویا معاہدے کی خلاف ورزی کے حوالے ہر کام اس نے انجام دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اسرائیل کے عزائم حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے تک محدود نہیں بلکہ وہ لبنان کی مکمل طور پر تسخیر کرنا چاہتا ہے۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ اگر مزاحمت نہ ہوتی تو قابضین کو جنوبی لبنان سے بے دخل نہ کیا جا سکتا۔
شیخ نعیم قاسم نے فلسطین کے لیے حزب اللہ کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ فلسطین اور فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔