مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت 26 ویں آئینی ترمیم کی آڑمیں اڈیالہ جیل کے سامنے عدلیہ کی آزادی کا جنازہ نکال رہی ہے۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس عدالتی احکامات کا مذاق اڑا رہی ہے، عدلیہ 26 ویں ترمیم کی زنجیروں کو توڑ کر آئین و قانون کی پامالی کا نوٹس لے، عمران خان کی بہنوں کے ساتھ روا رکھا گیا سلوک قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ان کی بہنوں کی ملاقات ان کا آئینی وقانونی حق ہے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ملاقات کے بجائے عمران خان کی بہنوں کو گرفتار کر کے ویرانے میں چھوڑ دینا عدالتی احکامات کا مذاق ہے، حواس باختہ حکومت بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے بھی خوفزدہ ہے۔