مفت آن لائن لرننگ سے متعلق دنیا کی معروف آن لائن درس گاہ خان اکیڈمی نے ملک کے معروف فلاحی تعلیمی ادارے اخوت کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے ہیں۔
اس معاہدے کے تحت خان اکیڈمی کے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) لرننگ ٹولز "خان میگو” کو اخوت کے زیر انتظام اسکولوں میں آزمائشی طور پر متعارف کروایا جائےگا۔
معاہدے پر اخوت کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب اور سی ای او خان اکیڈمی پاکستان ذیشان حسن نے دستخط کیے۔ یہ شراکت پاکستان میں اساتذہ کی مدد اور تعلیمی نتائج کو بہتر بنانےکے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے استعمال میں ایک اہم پیشرفت ہے۔
سی ای او خان اکیڈمی ذیشان حسن نےکہا کہ خان میگو اساتذہ کی مددکے لیے تیار کیا گیا ہے تاکہ وہ طلبہ کو انفرادی طور پر بہتر انداز میں پڑھاسکیں، ہم اخوت کے ساتھ کام کرنے پر پرجوش ہیں۔
آزمائشی منصوبے کے تحت اخوت اسکولوں کے اساتذہ کو تربیت دی جائےگی تاکہ وہ خان میگو کو روزمرہ کی تدریسی معاونت کے لیے استعمال کرسکیں، اس سے سبق کی منصوبہ بندی آسان ہوگی اور تدریس کا عمل زیادہ مؤثر بنایا جاسکےگا۔ خان اکیڈمی پاکستان مقامی سطح پر معاونت، تربیت اور کارکردگی کی نگرانی فراہم کرے گی۔
ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ یہ شراکت تعلیم میں جدت کے لیے ہمارے مشترکہ عزم کی عکاس ہے، اے آئی کی مدد سے ہم اساتذہ کو جدید وسائل فراہم کر سکتے ہیں تاکہ تعلیمی تجربات کو بہتر بنایا جاسکے۔
اگر یہ آزمائشی منصوبہ کامیاب ہوتا ہے تو اس کی بنیاد پر پاکستان کے دیگر اسکول نیٹ ورکس میں بھی خان میگو کو متعارف کرایا جاسکتا ہے جو خان اکیڈمی کے عالمی معیار کی تعلیم ہر فرد تک پہنچانےکے مشن کو آگے بڑھانے میں مدد دےگا۔