صہیونی حکومت مزید گستاخ ہوگئی ہے، مسلمانوں کو سنجیدہ اقدام کرنا چاہیے؛ عبدالملک بدرالدین الحوثی
یمن کی تحریک انصاراللہ کے سربراہ الحوثی نے کہا ہے کہ مسلمانوں کو صیہونی حکومت کی جارحیتوں کے خاتمے کےلئے سنجیدہ اقدام کرنا چاہیے۔
یمن کی تحریک انصار اللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے جمعرات کو اپنے خطاب میں کہا کہ غزہ کے زیادہ تر باشندے صیہونی حکومت کے حملوں کے باعث پناہ گزین ہوچکے ہیں اور غاصب دشمن صحت کے مراکز کو نشانہ بنا رہا ہے جب کہ اقوام متحدہ نے بھی اس پٹی تک خوراک کی امداد پہنچانے میں مشکلات کا اعتراف کیا ہے۔
انہوں نے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے بارے میں کہا کہ قیدیوں کی رہائی صیہونی حکومت کی ترجیح نہیں ہے اور وہ ماضی کے معاہدوں کی پاسداری کیے بغیر فلسطینی عوام کو اپنے قیدیوں کی رہائی کے لیے بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ مسلمانوں کو ان جارحیتوں کے خاتمے کےلئے سنجیدہ اقدام کرنا چاہیے۔ صہیونیوں کا ہدف بالکل واضح ہے، وہ مسجد الاقصیٰ کا مکمل کنٹرول حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
عبدالملک الحوثی نے کہا کہ عرب ممالک کی جانب سے سنجیدہ اقدام نہ ہونے کی وجہ سے دشمن مزید گستاخ ہوگیا ہے، صیہونیوں نے اعتراف کیا ہے کہ امریکہ نے انہیں غزہ کی پٹی میں جرائم کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔