غزہ پٹی پرصیہونی حملوں میں 19 فلسطینی شہید

0 10

غزہ کے مختلف علاقوں غاصب صیہونی حکومت کے جاری حملوں میں کم از کم انیس فلسطینی شہید ہو گئے۔

شہری دفاع کے ترجمان محمود باسل نے بتایا ہے کہ غزہ شہر کے شمال مشرق میں واقع التفاح میں حسونہ خاندان کے گھر کو نشانہ بنانے والے صیہونی فضائی حملے میں بچوں اور خواتین سمیت دس افراد شہید ہو گئے۔ غزہ کے شمال میں جبالیہ کے علاقے میں صیہونی فوج نے تین افراد کو شہید اور کئی دیگر کو زخمی کر دیا۔

غزہ کے جنوبی علاقے خان یونس میں صیہونی ڈرون حملوں میں دو بچوں سمیت کم از کم پانچ شہید ہو ئے۔ باسل نے کہا کہ ایک صیہونی طیارے نے وسطی شہر النصیرات میں بے گھر لوگوں میں خوراک تقسیم کرنے والے ایک خیمے کو نشانہ بنایا جس میں ایک فلسطینی شہید ہوا۔

فلسطینی سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بدھ کی صبح سے غزہ سٹی کے مشرقی علاقوں، بیت حانون اور شمالی غزہ پٹی کے بیت لاحیا علاقوں پر صیہونی توپ خانے کی گولہ باری جاری ہے۔

اس دوران حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کے ارکان نے غزہ شہر کے مشرق میں واقع الوفا اسپتال کے قریب تین صیہونی مرکاوا ٹینکوں کو نشانہ بنایا۔ صیہونی فوج نے ابھی تک ان حملوں پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

غزہ میں صحت کے افسران نے بدھ کو اعلان کیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ میں کم از کم پچیس افراد شہید اور نواسی دیگر زخمی ہوئے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اسرائیل کی جانب سے غزہ پر دوبارہ جارحیت شروع کرنے کے بعد سے شہدا کی تعداد ایک ہزار چھے سو باون ہو گئی ہے جبکہ اکتوبر دو ہزار تئیس میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک شہدا کی مجموعی تعداد اکیاون ہزار پچیس ہو گئی ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے ادارہ یونیسیف نے غزہ کی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے غزہ کی گذرگاہیں فوری طور پر کھولے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔اس بین الاقوامی ادارے نے سخت خبردار کیا کہ گذرگاہیں اگر نہیں کھولی گئیں اور ضروریات کو پورا نہیں کیا گیا تو حالات مزید ابتر ہو جائیں گے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.