کراچی کی مرکزی شاہراہوں پر ون وے کی خلاف ورزی پر 15 ہزار روپے جرمانے کی تجویز

0 11

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے کنٹرول میں آنے والی مرکزی شاہراہوں پر ون وے کی خلاف ورزی پر15 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے سٹی وارڈنز کے ذریعے کیے جائیں گے، ون وے کی خلاف ورزی پر جرمانے سے متعلق قرارداد آئندہ کونسل اجلاس میں پیش کی جائے گی۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام اور شہریوں کی حفاظت کیلئے اقدام اٹھایا گیا ہے، ٹریفک کی بہتری اور حادثات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔

میئر کراچی نے شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، شہری شہر میں محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ سے تعاون کریں۔

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ٹریفک پولیس نے 9 سے 16 اپریل تک کی پیشرفت رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کی تھی۔

رپورٹ کے مطابق ہیلمٹ نہ ہونے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 11 ہزار 276 موٹرسائیکلیں ضبط کی گئیں جبکہ فینسی نمبر پلیٹس اور کالے شیشوں کی 831 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، رپورٹ میں بتایا گیا کہ 193 ڈمپر اور ٹینکرز فٹنس اور اوور اسپیڈ کرنے پر ضبط کیے گئے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.