بلوچستان کے منصوبوں کیلئے رقم مختص کرنے پر وزیراعظم کے مشکور ہیں: سرفراز بگٹی

0 20

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے منصوبوں کےلئے رقم مختص کرنے پر وزیراعظم کے مشکور ہیں۔

وفاقی وزیر جام کمال اور خالد مگسی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات میں کمی کا فائدہ بلوچستان کے عوام کو منتقل کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

انہوں نےکہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے یہ بلوچستان کےعوام کیلئے خیر سگالی کا اقدام ہے، صوبے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہونے جارہاہے، کراچی سے چمن کی سڑک کو خونی شاہراہ کہا جاتا تھا، این اے 25 کی تعمیر میں پاکستان کے ایک ایک فرد کا حصہ ہوگا۔

انکا کہنا تھاکہ بارڈرٹریڈ اورسمگلنگ میں بہت فرق ہے، بارڈرٹریڈ کو ٹھیک کرنے کیلئے ہماری وفاق سے بات چیت چل رہی ہے، سمگلنگ کو ختم کرکے لوگوں کو فائدہ مند کاروبار کا موقع دیا جانا چاہیے، سمگلنگ سمگلنگ ہے ٹریڈ ٹریڈ ہے، ہم سمگلنگ کا خاتمہ کرینگے اورٹریڈ کو فروغ دیں گے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں استحکام آئے گا تو پاکستان کی ڈویلپمنٹ یہاں سے شروع ہوگی، ہم نے فیصلہ کیا تھا بلوچستان کی کوئی سڑک بند نہیں ہونے دیں گے، آج بلوچستان کی ہر شاہراہ کھلی ہوئی ہے، بلوچستان کے لوگوں کو تمام سیاسی حقوق کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے 8 ممبرز پہلی بار منتخب ہوکر آئے ہیں، احتجاج کا حق سب کو حاصل ہے، گورنمنٹ نے فیصلہ کرنا ہے کہ احتجاج کرنے کی جگہ کونسی ہوگی، سرحدی علاقوں میں معیارزندگی بہتر بنانے کیلئے وفاق سے بات چیت کررہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ کینالز معاملے پر میری پارٹی کا بڑا واضح مؤقف ہے جو قوم کے سامنے ہے، آپ ایک جگہ پر دھرنا دے کر بیٹھ جائیں اور جتھے اکٹھے کریں تو آئین وقانون اس کی اجازت نہیں دیتا۔

ہمارے پاس جتنا زمین کا ٹکڑا ہے اسی کو یورپ بھی بنا سکتے ہیں: خالد مگسی

وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری امن وامان کی صورتحال بھی اب بہتر ہوگی، وزیراعظم کا مشکور ہوں،کچی کینال پر ہماری پانی کا حصہ رہتا تھا، کچی کینال مکمل ہونے سے6سے7لاکھ ایکڑ پر پانی دستیاب ہوگا۔

خالد مگسی نے کہا کہ بلوچستان کیلئے این 25 کا منصوبہ دینے پروزیراعظم شہبازشریف کا مشکور ہوں، سرفراز بگٹی ایک وژنری انسان ہیں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو بھی بلوچستان آئیں اوراعلانات کرکے گئیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومتیں تبدیل ہونے سے کام میں وہ تسلسل نہیں رہتا، آئین کے تحت ریاست کا ایک طریقہ کار ہوتا ہے، ریاست اہم مسائل پر سمجھوتہ نہیں کرتیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیاسی مسائل میں سختی نہیں لانا چاہتے، آج سرداراختر مینگل صاحب نے دھرنا ختم کردیا ہے، دعا ہے سب کچھ ٹھیک ہوجائے۔ ہماراےپاس جتنا زمین کا ٹکڑا ہے اسی کو یورپ بھی بنا سکتے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ بلوچستان میں شمسی توانائی کے منصوبے پر بھی عملدرآمد جاری ہے۔

بعض لوگوں کو پاکستان اور بلوچستان کی ترقی ہضم نہیں ہورہی، جام کمال

وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا ہے کہ بعض لوگوں کو پاکستان اور بلوچستان کی ترقی ہضم نہیں ہورہی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے ہمیشہ بلوچستان کو ترجیح دی، انہوں نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب بھی بلوچستان کی ترقی کے لیے کام کیا ہے۔

وزیر تجارت نے کہا کہ وزیراعظم اور تمام اسٹیک ہولڈر زملک کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں، ہم نے ملک میں یکساں ترقی کو فروغ دینا ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.