وزیراعظم شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں سے ملک میں سرمایہ لانے کی اپیل کردی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اوور سیز پاکستانیوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی استحکام آپ کی محنت کا نتیجہ ہے، پاکستان سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں، شہدا کے خلاف زہر اگلا جائے تو برداشت نہيں ہو سکتا۔
انہوں نے کہاکہ جہاں جہاں اوور سیز پاکستانی ہیں وہ ملک دشمنوں کا مقابلہ کریں، آپ ان دشمنوں کا مقابلہ ایسے کریں جیسے پاک فوج دہشت گردوں کا مقابلہ کرتی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ پاکستانیوں نے اس مرتبہ 4ارب ڈالر سے زیادہ ترسیلات زر بھیجی ہیں، امید ہے کہ ایک سال کے دوران یہ ترسیلات 38 ارب ڈالر سے بڑھ جائیں گی جو ملکی برآمدات سے بھی زيادہ ہیں۔
انہوں نے اپیل کی کہ سمندر پار پاکستانی ملک میں سرمایہ لگائیں، ہم آپ کو سر آنکھوں پر بٹھائیں گے، سرخ فیتے کی جگہ سرخ قالین ملے گا۔ ان کا کہنا تھاکہ سرمایہ کار پیسہ لے کر آئیں، براہ راست ان سے ملیں، جلد سے جلد ہر مسئلہ حل کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کا دفاع محفوظ ہے، کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، ایسا کرنے والوں کی آنکھیں پیروں تلے روند دی جائیں گی۔