عدل و انصاف ہی پاکستان کو قومی یکجہتی کی منزل پر ڈال سکتا ہے،شیخ ناصری
نمائندہ آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ) و سربراہ شوریٰ علمائے جعفریہ پاکستان علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ایک وفاق ہے جس کی بنیاد عدل، برابری اور قومی یکجہتی پر رکھی گئی ہے۔
اس بنیاد کو مضبوط رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ ریاست کے تمام شہری، خواہ وہ کسی بھی صوبے، زبان یا قوم سے تعلق رکھتے ہوں، مساوی حقوق کے حامل سمجھے جائیں۔صرف عدل و مساوات ہی وہ راستہ ہے جو پاکستان کو استحکام، ترقی اور قومی یکجہتی کی منزل تک پہنچا سکتا ہے ۔
علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ ہم واضح طور پر اس مؤقف کا اظہار کرتے ہیں کہ کسی پاکستانی کو دوسرے پر ترجیح دینا یا کسی خطے کے عوام کو محرومی کا شکار بنانا آئین، اخلاق اور قومی وحدت کے منافی ہے۔ تمام اقوام اور صوبے یکساں اہمیت رکھتے ہیں، اور ان کے ساتھ انصاف کا برتاؤ ہی قومی سلامتی و ترقی کی ضمانت ہے۔
علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ بالخصوص صوبہ سندھ اور وادی سندھ کے عوام، جو زیادہ تر زراعت سے وابستہ ہیں اور جن کی محنت سے ملک کی معیشت کو زراعت کے شعبے میں سہارا ملتا ہے، ان کے ساتھ ہرگز کسی قسم کی ناانصافی یا وسائل کی تقسیم میں امتیاز نہ برتا جائے۔
علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ ہم حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملک کے تمام صوبوں کو، بالخصوص پانی جیسے اہم وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائے، اور کسی فریق کو دوسرے پر مسلط ہونے یا حقوق غصب کرنے کی اجازت نہ دے۔
علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ صرف عدل و مساوات ہی وہ راستہ ہے جو پاکستان کو استحکام، ترقی اور قومی یکجہتی کی منزل تک پہنچا سکتا ہے۔