پی ایس ایل 10 : لاہور قلندرز نے گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی
پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل 10) کے گروپ میچ میں لاہور قلندرز نے بیٹنگ اور بولنگ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے گلیڈی ایٹرز کو 67 رنز سے شکست دے دی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے پاکستان سپرلیگ کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
لاہور قلندرز نے فخر زمان کے 67 اور سیم بلنگز کی 50 کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنائے اور گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلیے 220 رنز کا ہدف دیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اننگز
قلندرز کے 220 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو سعود شکیل صرف ایک رن بنا کر دو کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے، انہیں شاہین آفریدی نے اپنا نشانہ بنایا۔
اس کے بعد فن لین بغیر کوئی رن بنائے شاہین آفریدی کا شکار ہوئے اور پھر حسن نواز کو آصف آفریدی نے ایک رن پر آؤٹ کیا، یوں گلیڈی ایٹرز کو 9 رنز پر تیسرے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
مینڈس ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 54 کے مجموعی اور 28 کے انفرادی اسکور پر حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، پھر روسو کو عقیل حسین نے 44 رنز پر کلین بولڈ کیا، یوں 8.5 اووز میں گلیڈی ایٹرز کو 89 رنز پر پانچویں نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
اس کے بعد شعیب ملک، عقیل حسین، محمد عامر اور ابرار احمد 106، 107، 108 اور 114 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ پھر 140 کے مجموعی اسکور پر فہیم اشرف 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 16.2 اوورز میں 140 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی، روسو سب سے زیادہ 44 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے جبکہ قلندرز کے عقیل حسین نے تین، سکندر رضا، آصف آفریدی اور شاہین نے 2،2 اور حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔
لاہور قلندرز اننگز
لاہور قلندرز نے گلیڈی ایٹرز کی دعوت پر بیٹنگ کا آغاز کیا تو فخر زمان اور محمد نعیم اوپننگ کیلیے آئے۔ محمد نعیم 10 رنز کی اننگز کھیل کر ابرار کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے، یوں قلندرز کی پہلی وکٹ 17 رنز پر گری۔
فخرزمان نے 7 چوکوں اور3 چھکوں کی مدد 39 گیندوں پر 67 رنز بنائے اور ٹیم کو بڑا اسکور کی جانب گامزن کیا جبکہ عبداللہ شفیق اور ڈیرل مچل بالترتیب 37،37 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
سیم بلنگز نے آخری اوورز میں اچھی بیٹنگ کی اور آؤٹ ہوئے بغیر نصف سنچری مکمل کی۔
لاہور قلندرز نے یوں مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 219 رنز بنائے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز قلندرز کو مختصر اسکور تک محدود رکھنے میں ناکام رہے تاہم اسپنرز نے اچھی بولنگ کی، عقیل حسین اور ابرار احمد نے دو،دو وکٹیں اپنے نام کیں۔
لاہور قلندرز اسکواڈ
فخر زمان، محمد نعیم، عبداللہ شفیق، ڈیرل مچل، سیم بلنگز، سکندر رضا، جہاں داد خان، شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، راشد حسین، حارث رؤف، آصف آفریدی شامل ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اسکواڈ
سعود شکیل، فن الین، حسن نواز، کوشال مینڈس، رلی روسو، شعیب ملک، فہم اشرف، عقیل حسین، محمد عامر، ابرار احمد اور عثمان طارق شامل ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل
پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جس نے میچ کھیلا اور فتح حاصل کی۔
دوسرے نمبر پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم دو پوائنٹس کے ساتھ ہے اور اسے بھی ایک میچ میں فتح حاصل ہوئی ہے۔ اسی طرح تیسرے پر کراچی کنگز، چوتھے پر ملتان سلطانز، پانچویں پر لاہور قلندرز اور چھٹے پر پشاور زلمی کی ٹیم موجود ہے۔