پاکستانی کھلاڑی نور زمان نے عالمی انڈر 23 اسکواش چیمپئن شپ جیت لی
پاکستان کے اسکواش کھلاڑی نور زمان نے عالمی انڈر 23 اسکواش چیمپئن شپ جیت لی۔
کراچی کے ڈی اے کریک کلب میں کھیلے گئے مینز ایونٹ کے فائنل مقابلے میں نور زمان نے مصر کے کریم الترکی کو 2-3 سے شکست دی۔
فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نور زمان کا کہنا تھا کہ فتح پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔جو محنت کی اس کا نتیجہ سامنے آیا۔
دوسری جانب ویمنزایونٹ کے فائنل میں مصر کی ٹاپ سیڈ فیروز ابوالخیر ایک آسان مقابلے کے بعد ہانک کانگ کی سیڈ 4 چان سن یو کو 3-0 سے ہرا کر ویمنز ایونٹ کی چیمپئن بن گئیں۔
دونوں فاتحین نے گولڈ میڈل اور وننگ ٹرافی کے ساتھ فی کس 5250 ڈالرزکی انعامی رقم حاصل کی۔ ایونٹس کے رنر اپ کھلاڑیوں کو سلور میڈلز کے ساتھ فی کس 3450 ڈالرز کا انعام دیا گیا۔
وزیرِاعظم و صدرِمملکت کی مبارکباد
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انڈر 23 ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ جیتنے پر پاکستانی کھلاڑی نور زمان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پوری قوم کو مبارکباد پیش کی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نور زمان نے اپنے کھیل سے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا ۔پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔ انشاء اللہ ، پاکستان اسکواش کے میدان میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرے گا۔