عالمی انڈر 23 اسکواش چیمپین شپ، فائنل مقابلے جمعرات کو ہوں گے
پہلی عالمی انڈر 23 اسکواش چیمپین شپ کا فائنل پاکستان کے سیڈ2 نور زمان اور سیڈ 3 مصر کے کریم الترکی کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ویمنز ایونٹ کے فائنل میں ٹاپ سیڈ مصر کی فیروزہ ابولخیر کو سیڈ4 ہانگ کانگ کی چان سن یو کا سامنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی اے کریک کلب پر جاری 60 ہزار ڈالرز مالیت کی انعامی رقم کی چیمپئن شپ میں بدھ کو سیمی فائنلز کا فیصلہ ہوگیا۔
پہلے سیمی فائنل میں نورزمان نے ملائشیا کے امیش نیرج چندرن کو شکست دی،نورزمان نے پہلے دونوں گیمز میں6-11 اور 2-11 سے کامیابی پائی۔
تیسرے گیم میں نور زماں کو4-6 کی سبقت حاصل تھی کہ ان کے حریف ریٹائرڈ ہرٹ کی بنیاد پر کھیل سے دستبردار ہو گئے۔
دوسرے سیمی فائنل میں مصری کھلاڑی کریم الترکی نے حیرت انگیز طور پر اپنے ہموطن ٹاپ سیڈ ابراہیم الکیانی کو 1-3 سے اپ سیٹ شکست دےدی۔
ویمن ایونٹ کے سیمی فائنل میں فیروزہ نے سیڈ ملاشیا کی آئرہ اذمان کو 1-3 اور چان سن یو نے ملائشیا ہی کی زن ینگ ہی کو سخت مقابلے کے بعد 2-3 سے مات دی، فائنلز جمعرات کو کھیلے جائیں گے۔