وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہےکہ عدالتی فیصلے کے بعد ہمیں کسی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے روکنے کی ضرورت نہیں ہے، بہت سارے لوگوں سے وہ خود نہیں ملنا چاہتے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی میں ہر ایک کی اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد ہے، اِن سے بنی بنائی جماعت بھی نہیں سنبھل رہی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد ہمیں کسی کو بانی پی ٹی آئی سے روکنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ بہت سارے لوگوں سے وہ خود نہیں ملنا چاہتے، بشریٰ بی بی جس سے چاہتی ہیں بانی پی ٹی آئی اس سے ملتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف میں بانی عمران خان سے ملاقاتوں کے معاملے پر تقسیم نظر آرہی ہے۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر اور بیرسٹر علی ظفر کی ملاقات پر پارٹی ارکان کو تشویش ہے، بیرسٹر عمیر نیازی کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر اور بیرسٹر علی ظفر کا نام فہرست میں شامل نہیں تھا، پارٹی پالیسی اور بانی کے احکامات کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے۔