راولپنڈی میں غیرقانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف پولیس کا آپریشن تیز ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران مزید اڑھائی سو افغان باشندوں کو تحویل میں لے لیا گیا، جس کے بعد مجموعی تعداد 750 سے تجاوز کر گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ تین سو سے زائد افغان باشندے پوٹھوہار ڈویژن سے تحویل میں لیے گئے، جبکہ صدر ڈویژن سے اڑھائی سو اور راول ڈویژن سے تقریباً پونے دو سو افغان شہریوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ تمام تحویل میں لیے گئے افراد کو سخت سیکیورٹی میں کیمپ منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز کیمپ منتقل کیے گئے افغان شہریوں کا دستاویزی پراسیس مکمل کر لیا گیا ہے اور ان کی آئندہ دو روز میں وطن واپسی متوقع ہے۔ افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے افراد کو بھی کیمپ سے افغانستان بھجوایا جائے گا۔ آپریشن کے دوران کارڈ ہولڈر خاندانوں کو بھی حراست میں لے کر کیمپ منتقل کیا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ افغان باشندوں کے خلاف آپریشن روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھا جائے گا اور اس میں سپیشل برانچ سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی معاونت حاصل کی گئی ہے۔ افغان باشندوں کی نشاندہی کے لیے تمام متعلقہ اداروں سے بھی بھرپور معاونت لی جا رہی ہے۔