ویڈیو: آسٹریلوی سینیٹر ایوان میں مردہ سالمن مچھلی کیوں لے آئیں؟

0 12

کینبرا: آسٹریلیا کی گرین پارٹی کی سینیٹر سینٹ اجلاس کے دوران ایوان میں مردہ سالمن مچھلی لے آئیں۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق سینیٹر سارہ ہینسن ینگ نے بدھ کے روز پارلیمنٹ میں ایک بڑی سالمن مچھلی لہرا کر حکومت کی مجوزہ قانون سازی کے خلاف احتجاج کیا۔

یہ قانون سازی ریاست تسمانیہ کے ایک عالمی ورثہ قرار دیے گئے علاقے میکوری ہاربر میں متنازع سالمن فارمز کے تحفظ کے لیے متعارف کرائی جا رہی ہے۔

سینیٹر سارہ ہینسن ینگ نے پارلیمنٹ میں ایک پلاسٹک بیگ میں بند مچھلی نکالتے ہوئے آسٹریلیا کے وزیر برائے ماحولیات کی نمائندگی کرنے والی سینیٹر سے اس قانون کے بارے میں سوال کیا۔

اس غیرمعمولی احتجاج پر ایوان میں ہلچل مچ گئی جس کے بعد سینیٹ کی صدر سو لائنز نے سینیٹر سارہ ہینسن ینگ سے مچھلی کو ایوان سے ہٹانے کا کہا۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق ماحولیاتی تنظیمیں اور گرین پارٹی سالمن فارمنگ کی صنعت کے باعث ہونے والی آلودگی اور اس کے سمندری حیات پر منفی اثرات کے بارے میں تشویش کا اظہار کر رہی ہیں۔

سب سے زیادہ تشویش اس حوالے سے پائی جاتی ہے کہ آلودگی ایک نایاب مچھلی ماوجین اسکیٹ، جو صرف میکوری ہاربر اور باتھرسٹ ہاربر میں پائی جاتی ہے، کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.