وزیر دفاع خواجہ آصف نے دہشتگردوں کے تعاقب میں افغانستان میں کارروائیاں کرنے کا اشارہ دیدیا

0 4

وزیردفاع خواجہ آصف نے دہشت گردوں کے تعاقب میں افغانستان میں کارروائیاں کرنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو ہمارے وجود کا دشمن ہوگا، اس کے پیچھے ہمیں کسی بھی ملک جانا پڑے ، تو ہم جائیں گے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاکہ افغان حکومت ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کی سرپرستی کر رہی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ جو ہمارے وجود کا دشمن ہوگا، اس کے پیچھے ہمیں کسی بھی ملک جانا پڑے ، تو ہم جائیں گے۔

وزیر دفاع نے الزام لگایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے دور میں ٹی ٹی پی کو واپس اس لیے لایا گیا تاکہ ایک نجی ملیشیا قائم کی جاسکے ، نیشنل ایکشن پلان پہلے سے موجود ہے، اسے صرف بحال کیا جا رہا ہے۔

دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے حکومت آپریشن کا فیصلہ کرچکی: مصدق ملک
اس کے علاوہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں میں وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے حکومت آپریشن کا فیصلہ کرچکی ہے۔

وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ جنگ ان کی دہلیز پر لے جائیں گے جو پاکستان میں بچوں کو شہید کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک اِس وقت حالت جنگ میں ہے،سکیورٹی فورسز کے جوان ہمارے بچوں کی حفاظت کیلئے شہید ہورہے ہیں۔ٹارگٹڈ آپریشن ہو یا جنگ دہشتگردوں کے خاتمے کا فیصلہ ہوچکا ہے۔

ملکی سیاسی و عسکری قیادت کا خوارج اور دہشتگردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنےکا فیصلہ

منگل کو اسپیکر قومی اسمبلی کی سربراہی میں ہونے والے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں ملکی سیاسی و عسکری قیادت نے خوارج اور دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنےکا فیصلہ کیا۔

قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی نے دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑنے اور لاجسٹک سپورٹ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دہشت گردی کو اس کی ہر شکل میں ختم کرنا ہوگا۔

شرکا نے اتفاق کیا کہ ریاست پوری طاقت سے دہشت گردی کا مقابلہ کرے گی، کوئی ادارہ، فرد یا گروہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کمزوری نہ دکھائے۔

ہم کب تک ایک سافٹ اسٹیٹ کے طرز پر بے پناہ جانوں کی قربانی دیتے رہیں گے: آرمی چیف
قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی سے خطاب میں آرمی چیف سید عاصم منیر کا کہنا تھاکہ ملک کی سلامتی سے بڑا کوئی ایجنڈا نہیں،کوئی تحریک نہیں اور کوئی شخصیت نہیں۔

آرمی چیف نے کہاکہ ہم کب تک ایک سافٹ اسٹیٹ کے طرز پر بے پناہ جانوں کی قربانی دیتے رہیں گے، ہم گورننس کے گیپس کو کب تک افوج پاکستان اور شہدا کے خون سے بھرتے رہیں گے؟

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھاکہ اگر یہ ملک ہے تو ہم ہیں لہٰذا ملک کی سلامتی سے بڑھ کر ہمارے لیے کوئی چیز نہیں، پاکستان کے تحفظ کیلئے یک زبان ہوکر اپنی سیاسی اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر ایک بیانیہ اپنانا ہوگا جو سمجھتے ہیں کہ وہ پاکستان کو ان دہشتگردوں کے ذریعے کمزور کرسکتے ہیں آج کا دن ان کو پیغام دیتا ہے کہ ہم متحد ہوکر نا صرف ان کو بلکہ ان کے تمام سہولت کاروں کو بھی ناکام کریں گے۔

افغانستان دہشتگردوں کی آماجگاہ بن چکا، دنیا کو افغان حکومت کے کردار سے آگاہ کرنا ہوگا: بلاول
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمانی کمیٹی کے ان کیمرا اجلاس سے خطاب میں کہا کہ جو آگ پاکستان میں لگی ہے اردگرد رہنے والے یہ مت سمجھیں کہ ان تک نہیں پہنچے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ افغانستان دہشتگردوں کی آماجگاہ بن چکا، دنیا کو افغان حکومت کے کردار سے آگاہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں دہشتگردوں کا معاملہ بھرپورانداز میں سفارتی سطح پر اٹھانا ہو گا ، اپنی خارجہ پالیسی کو مزید مؤثر بنانا ہو گا، بیرونی دنیا بھی یہ سب معاملات دیکھے۔

ان کا کہنا تھاکہ دنیا خود کو اس خطے سے الگ تھلگ نہیں رکھ سکتی، دہشت گردوں کی مالی مدد کرنے والوں کا بھی پتا لگانا ہوگا۔

ریاست کیخلاف ہتھیار اٹھانے والا دہشتگرد ہے: مولانا فضل الرحمان
جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نےکہا ہےکہ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والا دہشت گرد ہے، دہشت گردی کا کوئی مذہب اور فرقہ نہیں، سیاسی قیادت اور قوم کو کسی مخمصے کا شکار ہوئے بغیر دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

قومی اسمبلی میں قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے ان کیمرا اجلاس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اس ایشو پر اکھٹا ہونا ہوگا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دینے والے ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.