وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی طویل مدتی ہوگی، وزیراعظم جلد اعلان کریں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرول اور ڈیزل کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور پٹرولیم مصنوعات کی مد میں جمع ہونے والا ایک ایک روپیہ عوام کے فائدے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف جلد بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کریں گے اور یہ کمی ایک یا دو ماہ کے لیے نہیں بلکہ طویل مدتی بنیادوں پر ہوگی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ جب شہباز شریف نے حکومت سنبھالی تو پٹرول کی قیمت 300 روپے سے زائد تھی لیکن اب صورتحال بہتر بنائی جا رہی ہے۔
ان کا بجلی کی کھپت بڑھنے سے پیدا ہونے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ ریاست اس لعنت کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
علی پرویز ملک کا پاک فوج کے جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارے بہادر جوان سرحدوں پر دن رات ایک کرکے ملک کا دفاع کر رہے ہیں، اللہ تعالیٰ ان کی حفاظت فرمائے۔
انہوں نے مزید یہ بھی کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ مذاکرات بہترین انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں جو ملکی معیشت کے لیے مثبت اشارہ ہے۔