لبرٹی چوک میں بلند ترین اور سب سے بڑا قومی پرچم نصب کیا جائیگا
لاہور (شوریٰ نیوز) لبرٹی چوک میں بلند ترین اور سب سے بڑا قومی پرچم نصب کیا جائے گا۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آج پاکستان کے سب سے بڑے و بلند قومی پرچم نصب کرنے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے لبرٹی چوک کا دورہ کیا۔ سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے بریفنگ دی۔محسن نقوی نے کہاکہ قومی پرچم کی تنصیب میں حکومت کا ایک پیسہ بھی خرچ نہیں ہوگا۔ بلند ترین قومی پرچم کی تنصیب کے منصوبے کی فنڈنگ نجی شعبہ کرے گا۔برج خلیفہ کی طرز پر قومی پرچم کو خوبصورت لیزر لائٹس سے روشن کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ قومی پرچم کی تنصیب کے دوران تمام ترحفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ حفاظتی اقدامات بین الاقوامی ایس اوپیز کے مطابق ہوں گے۔ چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری ہاؤسنگ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، ڈی جی پی آر، ڈی جی پی ایچ اے، ڈپٹی کمشنر اور دیگر حکام نے تقریب میں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے لبرٹی چوک میں سب سے بلند پرچم کے پراجیکٹ کے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آج 14اگست سب کے لئے خوشی کا دن ہے۔لبرٹی چوک میں بلند ترین پرچم سب پاکستانیوں کے لئے باعث فخر ہوگا۔ لبرٹی چوک پرچم پراجیکٹ پر حکومت کا کوئی پیسہ خرچ نہیں ہوگا،نجی اشتراک سے مکمل کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ لاہو رمیں سب سے بلند پرچم عوام کے لئے دلکشی او ردلچسپی کا باعث بنے گا۔ یوم آزادی پر صرف قومی پرچم کے ساتھ ریلی نکالنے کی اجازت دی گئی ہے۔ سب سے بلند پرچم کی تنصیب میں سکیورٹی اور دیگر ٹیکنیکل امورکو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔