سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے سپر ٹیکس کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بینچ نے سپر ٹیکس کے نفاذ سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ جسٹس عامر فاروق اسلام آباد ہائیکورٹ میں معاملے پر فیصلہ دے چکے ہے، آئینی بینچ دوبارہ تشکیل دینا پڑے گا۔
کمپنی وکلاء کی جانب سے سپر ٹیکس کیس کی سماعت عید الفطر کے بعد کرنے کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔
جسٹس محمد علی مظہر نے کہا فروغ نسیم صاحب، عید تک یہ کیس مکمل نہیں ہو گا، جو کیس چلانا چاہتے ہیں ان کو تو کیس چلانے دیں، کم ازکم کیس چلنا تو شروع ہو۔
سپریم کورٹ نے سپرٹیکس کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔