چیمپئنز ٹرافی کا وہ انوکھا فائنل جس میں دونوں ٹیموں نے ‘ 2 بار’ بیٹنگ کی
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا فائنل اتوار کو بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا جس کے لیے دونوں ٹیموں کی جانب سے بھرپور تیاری کی جارہی ہے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو جبکہ نیوزی لینڈ جنوبی افریقا کو شکست دے کر فائنل میں پہنچا ہے۔
ون ڈے فارمیٹ پر کھیلے جانے والی چیمپئنز ٹرافی کے 9 ویں ایڈیشن کا ٹائٹل کون جیتے گا اس کا فیصلہ تو اتوار کو ہوجائے گا۔
لیکن اس سے پہلے آج آپ کو چیمپئنز ٹرافی کے ایک ایسے انوکھے فائنل کے بارے میں بتاتے ہیں، شاید جس کے بارے میں زیادہ تر افراد نہیں جانتے۔
اس تحریر میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2002 کے اس منفرد فائنل میچ کی بات کی جارہی ہے جس میں دونوں فائنلسٹ ٹیموں نے ‘2 بار’ بیٹنگ کی اورکوئی بھی ٹیم میچ نہ جیت سکی۔
انوکھے فائنل کی کہانی
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2002 جو کہ سری لنکا میں منعقد ہوئی تھی۔ ایونٹ کا فائنل 29 ستمبر کو بھارت اورمیزبان سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا۔
کولمبو میں ہونے والے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنائے۔
سری لنکن کپتان سنتھ جے سوریا اور کمار سنگاکارا نے نصف سنچریاں اسکور کیں، جے سوریا نے 74 اور سنگاکارا نے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔
دوسری جانب بھارت کے آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 27 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
245 رنز کے ہدف کے جواب میں بھارت نے 2 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 14رنز بنا لیے تھے کہ اچانک شدید بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا۔
تاہم مسلسل بارش کے باعث میچ کو پھر منسوخ کرنا پڑا اورفیصلہ کیا گیا کہ میچ ریزرو ڈے پر دوبارہ کھیلا جائے گا۔فائنل میں پہلے سے کھیلے گئے 52 اوورز ضائع ہو گئے۔
30 ستمبر کو ریزرو ڈے پر نیا میچ شروع کیا گیا جہاں سری لنکا نے دوبارہ پہلے بیٹنگ کی اور 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنائے۔
مہیلا جے وردھنے نے 77 اور رسل آرنلڈ نے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ بھارتی فاسٹ بولر ظہیر خان نے 9 اوورز میں 44 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
اس بار 223 رنز کے ہدف کے جواب میں بھارت نے 8.4 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 38 رنز بنائے تو ایک بار پھر بارش کی مداخلت کے باعث میچ روک دیا گیا لیکن بارش نہ تھمی اور بالآخر میچ کو بغیر کسی نتیجے کے منسوخ کر دیا گیا۔
تاہم بھارت اور سری لنکا کو چیمپئنز ٹرافی 2002 کا مشترکہ فاتح قرار دیا گیا اور ٹرافی کے ساتھ 3 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم بھی دونوں ٹیموں کے درمیان تقسیم کی گئی۔
یہ منفرد صورتحال آئی سی سی ایونٹ میں پہلی بار دیکھنے میں آئی۔
واضح رہے کہ اُس وقت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ون ڈےمیچ کے قوانین کے مطابق کسی میچ کو مکمل تصور کرنے کے لیے دوسری اننگز میں کم از کم 25 اوورز کا کھیل ہونا ضروری تھا۔
بھارت دونوں دن دوسری اننگز میں کم از کم 25 اوورز نہیں کھیل سکا تھا۔
چیمپئنز ٹرافی کا فائنل 2 مرتبہ بارش کی نذر ہونے کے بعد آئی سی سی کے اس قانون پر کافی تنقید کی گئی تھی۔