دبئی پولیس کا اسٹیڈیم میں کھیل کے قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ

0 7

دبئی پولیس نے اسٹیڈیم میں کھیل کے قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی وارننگ جاری کردی۔

یہ وارننگ حالیہ واقعات کے تناظر میں جاری کی گئی ہے، دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارت اور آسٹریلیا کے سیمی فائنل میں فتح کے بعد کرکٹ مداح میدان میں داخل ہوگیا تھا۔

اس کے علاوہ دبئی پولیس نے مختلف فٹبال میچز کے دوران غیر قانونی مواد (میرین ڈسٹریس سگنلز) استعمال کرنے والے شائقین کو گرفتار کیا ہے جو ان کھیلوں کے دوران موجود ہر فرد کے لیے سنگین خطرہ تھے۔

دبئی پولیس نے مداحوں کو متنبہ کیا ہے کہ اسٹیڈیمز میں خطرناک مواد اور آتش بازی کے استعمال پر جرمانے اور قید کی سزا ہوسکتی ہے، میچز کے دوران اسٹیڈیم میں زبردستی داخل ہونے پر بھی سخت سزا دی جائے گی۔

دبئی پولیس نے واضح کردیا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی پر ایک سے 3 ماہ قید کی سزا ہوگی یا پھر 5 ہزار سے 30 ہزار درہم جرمانہ عائد کیا جائے گا جو پاکستانی روپوں میں 3 لاکھ 80 ہزار پاکستانی روپے سے لے کر 22 لاکھ 85 ہزار روپے بنتے ہیں۔

دبئی پولیس نے شائقین کو خبردار کیا ہے کہ اسٹیڈیم میں تشدد، نسل پرستی یا سیاسی سرگرمیوں پر سخت کارروائی کی جائے گی اس لیے کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے باز رہا جائے۔

کسی دوسرے شائق یا پھر کھلاڑی پر کوئی مواد یا مائع پھینکنے پر 10 ہزار سے 30 ہزار درہم (لگ بھگ سات لاکھ سے 22 لاکھ پاکستانی روپے) جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

دبئی پولیس نے مداحوں سے اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے، پولیس نے مداحوں کو اسپورٹس ایونٹس کی سکیورٹی سے متعلق 2014 میں جاری ہونے والے اماراتی قانون نمبر 8 کے تحت وارننگ جاری کی ہیں جس کے مقصد کھلاڑیوں اور مداحوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.