رمضان، مومنین کے درمیان قربت اور اتحاد کا سنہری موقع ہے، شیخ ناصری

0 15

نمائندہ آیت اللہ العظمٰی شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ) و سربراہ شوریٰ علمائے جعفریہ پاکستان علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ رمضان، مومنین کے درمیان قربت اور اتحاد کا سنہری موقع ہے۔
اس مہینے میں مومنین کو نہ صرف عبادت بلکہ ایک دوسرے کے ساتھ بھائی چارہ کے رشتہ کو تقویت دینی چاہیے۔رمضان کی برکات میں سے ایک یہ ہے کہ یہ مہینہ فردی اور اجتماعی سطح پر مومنین کو ایک دوسرے کے قریب لاتا ہے۔
علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ رمضان میں مومنین روزہ افطار کرنے کے وقت ایک ساتھ بیٹھتے ہیں، چاہے وہ گھر والوں کے ساتھ ہو یا مسجد میں جماعت کے ساتھ۔
اس افطاری کے وقت ایک ایسی محفل بنتی ہے جہاں لوگ ایک دوسرے سے مل کر خوشیاں بانٹتے ہیں اور اپنی دعاؤں میں ایک دوسرے کو یاد کرتے ہیں۔ یہ لمحے مومنین کے درمیان محبت، اخوت اور ہمدردی کا جذبہ پیدا کرتے ہیں انہی لمحوں کو مقید کر کے اتحاد کی راہیں ہموار کی جاسکتی ہیں۔
علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک ایک ایسا مقدس مہینہ ہے جو اجتماعی طور پر مل بیٹھنے، فکری و روحانی ہم آہنگی پیدا کرنے اور دینی اخوت کو مضبوط کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ یہ مہینہ نہ صرف فرد کی روحانیت کی تطہیر کا باعث ہے بلکہ پورے معاشرے کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا بھی ایک سنہری موقع فراہم کرتا ہے۔
علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ میرا مشن اتحاد بین المومنین ہے اور اس مشن کی تکمیل کیلئے تمام مومنین اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اتحاد کو فروغ دیں تاکہ رمضان المبارک میں خداوندِ قدوس آپ کی عبادات کو قبولیت کی منزل عطا فرمائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.