سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کا ہر دن ترقی اور عوام کے لیے خوشخبریاں لے کر طلوع ہوا۔
مسلم لیگ ن کی حکومت کو ایک سال مکمل ہونے پر سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کی رہنمائی میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے 365 دن کا ہر روز، ہرلمحہ پاکستان کی ترقی اور عوام کے ریلیف کی خوش خبریاں لے کر طلوع ہوا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں گزرے ایک سال پاکستان نے مایوسی سے اعتماد، ناامیدی سے امید نو، انتشار سے استحکام اور ڈیفالٹ سے نجات پاکر معاشی استحکام کی طرف شاندار سفر طے کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 12 ماہ میں معاشی معجزے رونما ہوئے، مہنگائی 38 سے کم ہوکر 9 سال کی کم ترین سطح 1.5فی صد پر آ گئی۔ مسلم لیگ ن کی حکومت میں ہر نیا دن ملک و قوم کے خوشحال مستقبل کے خواب کو تعبیر کے قریب لاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہی وہ واحد جمہوری قوت ہے جو پاکستان کو ترقی دے سکتی ہے۔ یہ سچائی ایک بار پھر ثابت ہو چکی ہے۔الحمدللہ ۔ایک سال بےمثال۔