اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بشریٰ بی بی سے ملاقات نہ کرانے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سپرنٹنڈنٹ اڈیالا جیل نے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ہر منگل کو ملاقات کرارہے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے عدالتی حکم پربانی پی ٹی آئی کی بشریٰ بی بی سےملاقات نہ کرانے پرتوہین عدالت کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالا جیل عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران عدالت نے سوال کیا کہ جو حکم دیا تھا اس پر عمل ہو رہا ہے؟ اس پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالا جیل عبدالغفور انجم نے جواب دیا اس عدالت کے حکم پر مکمل عمل ہورہا ہے اور درخواست گزار کے وکیل کو بھی اس سےمتعلق آگاہ کردیا گیا ہے۔
سپرنٹنڈنٹ جیل نے کہا کہ اگرچہ جیل رولز میں یہ ملاقات کرانے کا ذکر موجود نہیں تاہم بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ہر منگل کو ملاقات کرارہے ہیں۔
وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالاجیل کی یقین دہانی آجائےکہ عدالتی فیصلے پرعمل درآمدہوگا، مسئلہ ان کی طرف سے نہیں آتا، کسی اور کی طرف سے آتا ہے، اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ جیل نے کہا کہ مسئلہ کہیں سے بھی نہیں آتا۔
چیف جسٹس سرفرازڈوگر نے ریمارکس دیے ہم یہاں بیٹھے ہیں، دیکھ لیں گے۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلے پر عمل درآمد کے بعد درخواست نمٹا دی۔