ملک کیلئے عمران خان سے زیادہ فوج ضروری ہے،سابق وزیراعظم
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک کیلئے عمران خان سے زیادہ فوج ضروری ہے، چیف الیکشن کمشنر اینٹی پی ٹی آئی ہیں، وہ غیر جانبدار نہیں ہیں، نواز شریف کو پہلے بھی این آر او مل چکا ہے، اگر انہیں این آر او ٹو ملا تو پوری قوم کو ان کیخلاف نکالوں گا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹر اسپیس میں عوام کے سوالات کے جواب دیئے۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان کے ٹوئٹر اسپیسز میں ایک وقت میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی جبکہ مجموعی طور پر 5 لاکھ سے زائد افراد اس میں شریک ہوئے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ٹوئٹر اسپیسز میں کہا کہ اس ملک کو عمران خان سے زیادہ فوج کی ضرورت ہے، یہ فوج نہ ہوتی تو اس ملک کے تین ٹکڑے ہوچکے ہوتے، اگر فوج نہ ہو تو ملک نے نہیں رہنا، ہمیں اس کی مضبوطی کیلئے بات کرنی چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن ہمیشہ فوج پر حملے کرتے ہیں، دونوں سابق وزرائے اعظم نے فوج پر تنقید کی، ہمیں سمجھنا چاہئے کہ دشمن چاہتا ہے کہ ہماری فوج کمزور ہو، آصف زرداری اور نواز شریف نے اپنی حکومت میں فوج کو کمزور کرنے کی کوشش کی، آصف زداری میمو گیٹ میں کہہ رہے تھے کہ ہمیں فوج سے بچائیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم پہلی دفعہ الیکشن لڑنے کی سائنس سمجھ کر آئندہ انتخابات لڑیں گے، ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت میں آکر کیا کرنا ہے، ہم سب جانتے ہیں اور پوری تیاری کرکے آئیں گے، اس بار ہم نوجوانوں کو پوری طرح تیار کرکے الیکشن لڑیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ 22 کروڑ افراد کی توہین ہے کہ باہر سے لاکر حکومت ان کے سر پر بٹھا دی جائے، اگر ہم کہیں گے کہ بیگرز آر ناٹ چوزرز تو ہمیشہ چیونٹیوں کی طرح رینگتے رہیں گے، شہباز شریف اور ان کے بیٹوں پر 40 ارب روپے کی کرپشن کے کیسز ہیں۔
فارن فنڈنگ کیس پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کوئی بھی چیز اس کیس میں نہیں ہے، یہ پارٹی فنڈ ہے، سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ ساری پارٹیز کی فارن فنڈنگ چیک کریں، ہماری فنڈ ریزنگ ریکارڈ پر ہے۔
حکومت ختم ہونے کے بعد عوامی احتجاج کے سوال پر چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں نے سوچا تھا کہ صرف 5 فیصد عوام باہر نکلیں گے، میرے لئے یہ بڑی خوشی کی بات تھی، میں چاہتا ہوں کہ پاکستانی ایک قوم بنیں، میں نے پہلی مرتبہ دیکھا ہے کہ ہم قوم بننے کی طرف چل نکلے ہیں جو ہمیں 70 سال پہلے کرنا چاہئے تھا۔